SUPER LEADS

پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل گیا ، وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف کو کریڈٹ دے دیا

وقت اشاعت :21اکتوبر 2022

 دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل گیا ، سیاسی و عسکری قیادت کا اظہار تشکر، وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل باجوہ کو کریڈٹ دے دیا۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق  منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کے لیے مالی معاونت پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس  نے پاکستانیوں  کو خوشخبری سنا دی ۔ پاکستان کو باضابطہ طور پر فیٹف کی گرے لسٹ سے ایگزٹ مل گیا۔ یہ فیصلہ ایف اے ٹی ایف کے 20 اور 21 اکتوبر کو پیرس میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ۔

اجلاس کے اختتام پر فیٹف کے صدر ٹی راجہ کمار نے کہا کہ پاکستان نے 35 سفارشات پر بہتر انداز میں عمل کیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو گرے لسٹ سے  طویل مشاورت کے بعد نکالا جا رہا ہے۔ اہم اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور اقوامِ متحدہ جیسی تنظیموں کے نمائندے بھی بطور مبصر شریک ہوئے ۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیرِ مملکت برائے خارجہ اُمور حنا ربانی کھر نے کی جبکہ ان کے ساتھ دفتر خارجہ کا وفد بھی شامل تھا۔

وزیراعظم کی آرمی چیف کو بھی مبارکباد ، کلیدی کردار کو سراہا

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا  کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزارت خارجہ ، تمام متعلقہ حکام اور وزارتوں کو مبارک پیش  کرنا ضروری ہے ۔ شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اس کامیابی میں کلیدی کردار پر سراہا اور کہا  کہ وہ انہیں مبارکباد دیتے ہیں ۔

Related Articles

Back to top button