دی سپرلیڈ ڈاٹ کام، لاہور ۔ لاہور کے علاقے ڈیفنس میں نجی اسکول کی طالبہ کو دیگر طالبات نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ویڈیو بھی وائرل کر دی
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق لاہور کے پو ش علاقے ڈیفنس کےسب سے مہنگے سکول میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے ۔ سکارزڈیل امریکن انٹرنیشنل کی ویڈیو میں لڑکیوں کو ایک اور طالبہ کو زمین پر لٹائے دیکھا جا سکتا ہے ۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کےمطابق جنت ، کائنات ، عمامہ اور نور فاطمہ نے اپنی ہی کلاس فیلو علیحہ عمران کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ مبینہ طور پر کلاس کی طالبات نشہ کرتی تھیں اور علیحہ کو بھی نشے پر مجبورکر رہی تھیں۔ اسی پاداش میں انہوں نے کلاس روم کے باہر علیحہ کو لٹا کر تشدد کا نشانہ بنایا جس پر وہ زخمی ہو گئی۔ متاثرہ طالبہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ ڈیفنس میں مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ان کی بیٹی کو دیگر طالبات نے بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے نشے پر لگانے کی کوشش کی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق باکسر عمائمہ متاثرہ لڑکی کو کھینچ کر کینٹین کی طرف لے گئی، اسے بالوں سے پکڑاجبکہ باقی طالبات نے بھی ساتھ دیا اور متاثرہ بچی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔دوسری جانب سکول انتظامیہ نے واقعے پر بدنامی کے ڈر سے تمام سٹاف کو موقف دینے سے منع کر دیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش میں سکول انتظامیہ بھی تعاون نہیں کر رہی ۔ طالبہ عمائمہ کسی اعلیٰ افسر کی بیٹی ہے اور مبینہ طور پر گرفتاری میں پولیس کو ناکامی کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔