SUPER LEADSSUPER WORLD

چاند کو مسخر کرنے کی دوسری بھارتی کوشش، مگر پاکستان میں سائنس حرام ؟

وقت اشاعت :15جولائی2023

نگہت خواجہ ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام، واشنگٹن ڈی سی ۔ چاند کو مسخر کرنے کی دوسری بھارتی کوشش، مگر پاکستان میں سائنس حرام ؟ سوشل میڈیا پر کئی پاکستانی سائنس میں پیچھے رہ جانے پر اپنی ہی حکومتوں  پر برس پڑے ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق چندریان کی کامیاب لانچنگ سے پوری بھارتی قوم کا سر پھر فخر سے بلند ہوتا نظر آرہا ہے ۔ سوشل میڈیا پر ہر طرف بھارتی شہری اپنے مشن کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں اور تبصروں کی بھرمار ہے ۔

جیسے ہی چندریان نے چاند کی جانب اڑان بھری چنائی کے سپیس سنٹر کے باہر موجود سائنسدانوں اور شہریوں نے نعرے لگا کر اسے رخصت کیا۔

کچھ ہی دیر بعد وزیر اعظم مودی  نے ٹویٹ میں اپنی قوم کو مبارکباد دی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں چندریان ٹرینڈنگ میں آگیا۔

مغربی میڈیا نے اپنی شہ سرخیوں میں اس لانچنگ کو خصوصی کوریج دی اور واضح کیا کہ اس سال چاند کے سفر کی دوڑ میں بھارت نے روس، یورپ ، چین اور امریکا کو ہرا دیا ہے ۔ دوسری جانب انہی تبصروں کی بھرمار کے دوران پاکستان میں بھی صارفین نے اسی موضوع کو بحث کے لئے چنا ۔

قربان  نامی ایک صارف نے لکھا کہ بحث کی کوئی ضرورت ہی نہیں ۔ پاکستان میں سائنس حرام ہے ۔ شہلا قریشی نامی ٹویٹر ہینڈل سے ایک ٹویٹ میں لکھا گیا کہ پاکستان میں سپارکو صرف موسم کا حال بتاتا ہے وہ بھی اکثر غلط ہوتا ہے  ۔سپیس سائنسز کا تو وجود ہی مٹ چکا ہے ۔

ٹروتھ ٹرول نامی ایک اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ پاکستان  میں فزکس کا برا حال ہے ۔ یہاں اب کوئی ریسرچ نہیں ہوتی ۔ شہر اقتدار میں جہاں کبھی فزکس پر ریسرچ کا ایک سنٹر تھا اب وہاں امرا کے لئے گیسٹ ہاؤسز ہی ہیں جہاں وہ پہاڑوں کے سنگم میں بنے اس سینٹر میں چھٹیاں گزارنے آتے ہیں ۔  

چندریان زمین کے دو چکر کاٹ کر چاند کے خطرناک علاقے میں لینڈنگ کرے گا

واضح رہے کہ جمعے کی دوپہر اربوں لوگوں کے خواب چندریان نے اپنے سفر کا آغاز کیا۔  بھارت نے اپنے راکٹ سے چاند پر لینڈر اتارنے والے چندر یان تھری سیٹیلائٹ کو کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار کی جانب بھیج دیا ہے ۔ آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا کے خلائی مرکز سے روانہ ہونے والے پراجیکٹ چندریان کو زمین کے دو چکر کاٹ کر چاند کے مدار میں داخل ہو کر لینڈنگ کرنا ہوگی ۔

بھارتی سائنسدانوں کے مطابق چندریان اگست کے وسطی ایام میں لینڈنگ کرے گا۔ سائنسدانوں  کے مطابق چاند کا جنوبی قطب خاصا خطرناک اور پیچیدہ ہے ۔ یہاں بڑھے گڑھے ہیں اور ڈھلوان بھی ہے ۔ کچھ گڑھوں میں اربوں سال سے سورج کی روشنی داخل نہیں ہوئی ۔ سائنسدانوں کے مطابق یہاں کا درجہ حرارت منفی 203 کے قریب رہتا ہے

Related Articles

Back to top button