دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ الیکشن سے پہلے اور بعد میں دھاندلی کی تمام حدیں پار کر دی گئیں ، عمران خان کا جیل سے پیغام، سوشل میڈیا ویب سائٹس کی بندش کی مذمت کی ۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق عمران خان کی بہن علیمہ خان نے جیل میں ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے سوشل میڈیا سائٹس کی بندش کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ بدترین دھاندلی کی گئی ۔ یہ سلسلہ الیکشن سےپہلے ہی شروع کر دیا گیا تھا جو کہ نتائج کے آنے تک جاری رہا۔ نتائج چھپانے کےلئے ہی سوشل میڈیا ویب سائٹس بند کر ا دی گئیں تاکہ عوام تک حقائق نہ پہنچ پائیں ۔
عمران خان نے کہا کہ الیکشن کے بعد عوام کا مینڈیٹ چوری کر لیا گیا ۔ حقیقی نتائج چھپا دیئے گئے ۔ راولپنڈی کے سابق کمشنر کی حفاظت کے حوالے سے عمران خان نے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ علیمہ خان نے میڈیا کو بتایا کہ عمران خان چاہتے ہیں سب ختم ہو جائے اور عوام کا حقیقی مینڈیٹ ان کے حوالے کیا جائے
چھینی گئی سیٹیں قانونی طریقے سے واپس لیں گے ، شعیب شاہین
پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور واضح کیا کہ ان کی جماعت چھینی گئی سیٹیں قانونی طریقے سے واپس لےگی اس سلسلے میں قانونی آپشنز پربات چیت جاری ہے۔
اس سے قبل نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے ہم چوروں اور ڈکیتوں کو کہہ رہے ہیں کہ چوری کئے گئے مینڈیٹ سے کچھ حصہ ہمیں بھی دے دو۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں اٹھارہ سے بیس سیٹیں مل رہی تھیں انہیں پوری سیٹیں دے دی گئیں تاکہ وہ اقتدار میں آجائیں ۔