کیا وفاق اور سندھ میں سرد مہری ختم ہو رہی ہے ؟ایک روز قبل ترقیاتی کاموں کے لئے بنی کمیٹی کی تردید کے بعددونوں فریقین نے نئی کمیٹی کے قیام کی تصدیق کر دی ۔
کراچی کے مسائل کے حل کے لئے نئی رابطہ کمیٹی کی تشکیل کے بعد باہمی تناؤ کسی حد تک کم ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے ۔
اس ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ اور اسد عمر کی اسلام آبادمیں اہم ملاقات ہوئی ۔ بیٹھک کے بعد ایک اجلاس بھی ہوا جس میں کراچی کے منصوبوں اور مسائل پر بات چیت کی گئی ۔
کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے رابطہ کمیٹی بنانے پر اتفاق ہو گیا ہے ۔ کمیٹی سندھ کےمنصوبوں پر وفاق اورصوبے میں بنیادی رابطہ کرنے کی مجاز ہوگی ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق اجلاس میں پیپلزپارٹی ،پی ٹی آئی اورایم کیوایم کے ارکان بھی شریک ہوئے اور تفصیلی گفتگو کی ۔ چیئرمین این ڈی ایم اے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
اجلاس اور ملاقات کےبعد اسد عمر نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاق میں چھے نکات پر اتفاق ہو گیا ہے ۔
سندھ حکومت سے سیاسی اختلاف ہیں لیکن ترقیاتی کام میں سیاست نہیں ہونی چاہیے ۔
پی ٹی آئی کی حکومت عوام کی خدمت کے مشن پر یقین رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج کا پانی اور کچرا ، نالوں کی صفائی اور ٹرانسپورٹ کا مسئلہ بھی حل کرنا چاہتے ہیں ۔
اس سلسلے میں آئندہ آنے والے دنوں میں وفاق نیک نیتی سے عوام کو ریلیف دینے کےلئے آگے بڑھے گا۔