دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، پشاور ۔ باجوڑمیں محسن داوڑکی تقریرپرجھگڑا، علاقےکےحالات بدستورکشیدہ ہیں ۔ پی ٹی ایم اور جماعت اسلامی کے کارکن مشتعل ہیں ۔ معززین علاقہ نے پر امن رہنے کی درخواست کی ہے ۔
ہفتے کے روز باجوڑ میں بار ایسو سی ایشن کی حلف برداری تقریب میدان جنگ بن گئی ۔ پی ٹی ایم کے رہنما محسن داوڑ کو تقریر کرنے سے روکنے پر وکلا گتھم گتھا ہوگئے ۔ لاتوں،گھونسوں اور کرسیوں کا آزادانہ استعمال کیاگیا، جماعت اسلامی کے رہنماؤں سمیت متعدد وکلا زخمی ہوگئے۔ پرامن تقریب میں اس وقت صورتحال تبدیل ہوئی جب خطاب کےلئے محسن داوڑ کانام پکارا گیا۔
محسن داوڑ سٹیج پر آئے تو جماعت اسلامی کے کارکنوں نے اچانک حملہ کر دیا۔ اس دوران پی ٹی ایم کے حامی وکلا اور دیگر شرکا بھی سامنے آگئے اور تقریب بدمزگی کا شکار ہوگئی ۔ دونوں جانب سے کرسیاں چلتی رہیں جس کی وجہ سے تقریب بند کرنا پڑ گئی ۔ مخالف وکلا نے محسن داوڑ کو دھکے دے کر سٹیج سے اتار دیا۔
یہ بھی پڑھیئے : اپنا ہی گول کرنے کی سزا بھاری ہوتی ہے
ذرائع کے مطابق کوریج کیلئے موجود صحافیوں کے کیمرے اور مائیکس بھی توڑ دیے گئے اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کا کہناہے کہ رکن قومی اسمبلی کے ساتھ ہتک آمیز سلوک پختون روایات کے منافی ہے ،جماعت اسلامی کے رویہ کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔