SUPER LEADS

تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک کلو چینی خریدنے کے لئے شناختی کارڈ دکھانے کی شرط

 سپر لیڈ نیوز، لاہور۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک کلو چینی خریدنے کے لئے شناختی کارڈ دکھانے کی شرط  نے شہریوں کو چکرا کر رکھ دیا۔ سستے رمضان بازاروں میں چینی کے حصول کے طریق کار سے حکومت کی جگ ہنسائی ہونے لگی ۔

سپر لیڈ نیوز کے  مطابق ملک میں ایک مرتبہ پھر چینی کا بحران پیدا ہو گیا ہے ۔ حکومت نے سستی چینی رمضان بازاروں میں مہیا کر دی ہے تاہم اس کا حصول بہت مشکل ہو گیا ہے ۔ شہریوں کو چینی کے حصول کے لئے قطار میں لگنا پڑتا ہے باری آنے پر شناختی کارڈ کا اندراج ہوتا ہے جس کے بعد انتظامیہ کا اہلکار شہری کے انگوٹھے پر سیاہی کا نشان لگا دیتا ہے تاکہ مذکورہ شخص دوبارہ چینی لینے نہ آئے ۔ لاہور میں اس طریق کار پر چلتے ہوئے صرف ایک کلو چینی ملتی ہے ۔

اوپن مارکیٹ میں چینی نایاب

دوسری جانب حکومت کی طرف سے رمضان بازاروں میں چینی پر سبسڈی دینے کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں چینی کا قحط پڑ گیا ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ مہنگی چینی خرید کر سستی کیسے دے سکتے ہیں ؟ بیشتر دکانداروں نے چینی کی فروخت ہی بند کر دی ہے ۔ اسی طرح لاہور کی سب سے بڑی اکبری منڈی میں بھی چینی کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ بحران کی وجہ سے ذخیرہ اندوز بھی  حرکت میں آگئے ہیں جبکہ حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ۔

اس حوالے سے سپر لیڈ نیوز گفتگو کرتے ہوئے انجمن تاجران کے صدر نعیم میر نے کہا کہ ملکی معاشی حالات تباہی کی داستان سنا رہے ہیں ۔ اوپر سے حکومت نے لاک ڈاؤن کی آڑ میں دکانیں بند کرنے کا حکم جاری کر رکھا ہے ۔ گزشتہ سال بھی کاروبار تباہ ہو گئے اب بھی یہی صورتحال ہے ۔ چینی بحران پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سب حکومتی نا اہلی کا نتیجہ ہے ۔ کوئی بحران نہیں ، کوئی مافیا نہیں  حکومت خود سب سے بڑی مافیا بنی ہوئی ہے ۔

Related Articles

Back to top button