وزیراعظم کا’ پانچویں’ ماہر معیشت پر بھی اظہار اعتماد

سپر لیڈ نیوز، اسلام آباد۔ وزیراعظم کا’  پانچویں’ ماہر معیشت پر بھی اظہار اعتماد، اتوار کے روز نئے وزیر  خزانہ شوکت ترین نے وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے نئے کھلاڑی  کو بہترین چوائس قرا ر دیا۔  

سپر لیڈ نیوز کے  مطابق حکومتی ٹیم میں مسلسل تبدیلی کا عمل جاری ہے ۔ وزیراعظم نے حسب معمول اپنے نئے معیشت دان پر اعتماد کا اظہار کیاہے۔ اس سےپہلے عمران خان  نے اسد عمر پر اعتماد کا اظہار کیا اور ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا تاہم اچانک انہیں وزارت سے ہٹا دیا گیا ۔  حفیظ شیخ کو خزانے کی چابی دی گئی تو وزیراعظم نے انہیں بہترین چوائس  قرار دیا معاشی اعشاریے مثبت قرار دیئے مگر انہیں بھی ہٹا دیا گیا۔

اسی طرح چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کو لایا گیا ۔ شبر زیدی کو ٹیکس محصولات میں اضافے کا ٹاسک دیا گیا ساتھ ہی معاشی میدان میں بھی ان  کو پالیسیاں لانے کا کہا گیا اس  موقع پر وزیراعظم نے شبر زیدی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں ایک بڑا معیشت دان قرار دیا تاہم شبر زیدی بھی زیادہ دیر عمران خان کی ٹیم میں نہ رہ سکے اور منظر عام سے اچانک غائب ہو گئے ۔

گزشتہ ماہ  حماد اظہر پر بھاری ذمہ داری آگئی ۔ وزیراعظم نے دو ہفتے قبل ان پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ایسے میں یہ خبریں گردش میں آگئیں کہ حماد اظہر کو مختصر وقت کے لئے وزارت دی گئی ہے  جبکہ شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنایا جارہا ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اس تعیناتی کی سختی سے تردید کی اور واضح کیا کہ حماد اظہر وزیراعظم کے وژن کو لے کر آگے چلیں گے ۔ وہ فل ٹائم وزیر ہیں تاہم تمام قیاس آرائیاں اس وقت دم توڑ گئیں جب وزیراعظم نے کابینہ میں پھر تبدیلی کرتے ہوئے حماد اظہر کو توانائی کی وزارت دے دی اور شوکت ترین کو قومی خزانےپر بٹھا دیا۔ اتوار کو ملاقات کے موقع پر وزیراعظم نے شوکت ترین کے وژن کی تعریف کی اور ایک مرتبہ پھر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔