سپر لیڈ نیوز، واشنگٹن ڈی سی ۔ اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ میں حملے تیز کرنے کا اعلان ۔ غزہ پر اسرائیلی فوج کے راکٹ حملوں میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 29 ہوگئی ۔ اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران سات سو سے زیادہ فلسطینی شہری زخمی ہوئے ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح میں فلسطینی شہریوں کو بے دخل کرنے کی کوششوں سے پیدا ہونے والی کشیدگی کے نتیجے میں اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی چھڑ گئی ۔ اسرائیلی فورسز نے غزہ میں کئی مقامات پر راکٹ حملے کئے ۔ تازہ حملوں میں چار فلسطینی چل بسے اور درجنوں زخمی ہوئے ۔ اسرائیل کی طرف سے غزہ پر راکٹوں کی برسات کی جارہی ہے اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حملوں میں مزید شدت لانے کا اعلان کیا ہے ۔
نیتن یاہو نے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی بستیوں کے منصوبے پر بین الاقوامی دباؤ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس ہمارا دارالحکومت ہے اور ہمیں یہاں تعمیر کا حق ہے ۔ادھر اسرائیل کے شہر اشکیلون میں حماس کے راکٹ حملوں کے نتیجے میں دو عورتیں ہلاک ہو گئیں جبکہ شہر کے میڈیکل سنٹر کا کہنا ہے کہ ستر زخمی زیر علاج ہیں ۔اسرائیلی وزیر دفاع نے فورسز کو غزہ کے قریب بڑے پیمانے پر تعیناتی کا حکم دے دیا ۔پانچ ہزار اسرائیلی فوجی غزہ کے گرد لگی باڑ کے پاس تعینات کئے گئے ہیں ۔