دی سپر لیڈ نیوز ، گوادر۔ گوادرمیں چینی قافلےپرخود کش حملہ ، دو راہ گیر بچے جاں بحق، ایک انجینئر زخمی ، چین کا پاکستان سے اعلیٰ سطح پر رابطہ ، معلومات حاصل کیں ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق پاکستان میں دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر چینی اہداف کو نشانہ بنایا ہے ۔ داسو حملے کی انکوائری جاری تھی کہ اس دوران ایک مرتبہ پھر چینی باشندوں کو ٹارگٹ کیا گیا۔ تازہ واقعہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں پیش آیا۔ جہاں چینی باشندوں کا قافلہ گزر رہا تھا۔ وزارت داخلہ کے مطابق چینی باشندوں کے قافلے کو پاک فوج اور پولیس کی نگرانی میں لے جایا جارہا تھا، تین گاڑیوں پر مشتمل قافلے کے آگے اور پیچھے پولیس اور فوج کی گاڑیاں بھی تھیں ۔ ایسٹ بے ایکسپریس وے پر واقع فشرمین کالونی میں کوسٹل روڈ پر اچانک ایک خود کش بمبار نمودار ہوا اور آگے بڑھنے کی کوشش کی ۔
وزارت داخلہ کے مطابق خوش قسمتی سے اسی علاقے میں پاک فوج کے سادہ کپڑوں میں ملبوس جوان بھی تعینات تھے جنہوں نے اس کا راستہ روک لیا۔ اس طرح بمبار ہدف تک نہ پہنچ سکا اور بیس سے تیس میٹر دور ہی دھماکہ کر دیا۔ دھماکے سے ایک گاڑی کونقصان پہنچا ۔ چینی انجینئر زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران دو راہ گیر بچے بھی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ دھماکے کے بعد چین نے پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح پر رابطہ کیا ہے اور خدشات سے آگاہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ ایکسپریس وے تین سال سے زیر تعمیر ہے ۔ اس منصوبے پر پچاس کے قریب چینی انجینئر کام کر رہے ہیں ۔