SUPER LEADS

عمران خان نے ہزاروں پاکستانیوں کی قاتل تنظیم کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کا اعتراف کرلیا

وقت اشاعت :2اکتوبر2021

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ،بیورو چیف ،  واشنگٹن ڈی سی ۔ عمران خان نے ہزاروں پاکستانیوں کی قاتل تنظیم کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کا اعتراف کرلیا ہے۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ٹی آرٹی کو دیئے گئےا یک سنسنی خیز انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے بڑے انکشافات کر دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات کئے جارہے ہیں ۔ یہ مذاکرات افغانستان میں ہورہے ہیں اور ظاہر سی بات ہے کہ چونکہ افغانستان  میں ہورہے ہیں اس لئے افغان طالبان ثالث کا کردار نبھا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی طالبان سے مذاکرات اس بات پر ہو رہے ہیں کہ انہیں قومی دھارے  میں آنا ہوگا۔ پروگرام کے اینکر پرسن نے اس جواب پر حیرت کا اظہار کیا اور دوبارہ تصدیق چاہی کہ کیا آپ یہ واضح تصدیق کرنا چاہ رہے ہیں کہ پاکستان کالعدم تحریک طالبان سے  مذاکرات کر رہا ہے ؟ جس پر وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ جی ہاں یہ درست ہے کیونکہ ان کی پالیسی جنگ کی ہے ہی نہیں۔

حکومت  مذاکرات پر یقین رکھتی ہے ۔افغان مسئلے کا حل بھی جنگ نہیں تھا۔ ماضی میں بہت غلطیاں ہوئیں مگر اب بہت کچھ سیکھنے کا وقت آگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان کے ایک دھڑے سے بات ہو رہی ہے ۔ امید ہے مثبت جواب آئے گا مگر  نتائج کے انتظار تک نظر رکھے ہوئےہیں۔ افغان طالبان کے حوالے سے انہوں نے اسی موقف کا اعادہ کیا کہ طالبان کو وقت دیا جانا چاہیے ۔ دوسری جانب وزیراعظم کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کے انکشاف کے بعد زیادہ تر پاکستانیوں میں غصے کی لہر دوڑ گئی ہے ۔سوشل میڈیا پر صارفین کھلے عام وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔  

Related Articles

Back to top button