چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے عمر شریف نہ رہے

وقت اشاعت :2اکتوبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، کراچی ۔ چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے عمر شریف نہ رہے ، جرمنی کے ہسپتال میں انتقال کر گئے ۔

دی سپر  لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق عمر شریف  کو امریکا روانہ کیا جارہا تھا۔ اسٹیج کے بے تاج بادشاہ  کی طویل سفر کے دوران ہی حالت بگڑ گئی تھی ۔ اسی دوران  ایئر ایمبولینس میں خرابی کے باعث جرمنی لینڈ کرنا پڑا۔طویل سفر  کی تھکاوٹ سے مرض بگڑ گیا اور عمر شریف کو  جرمنی کے ہسپتال میں ہی داخل کرانا پڑا۔ عمر شریف دل، گردوں اور شوگر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ جرمنی کے اسپتال میں  ہی ان کا ڈائیلاسز ہوا تھا مگر ان کی حالت سنبھل نہ سکی ۔ عمر شریف  کا  جارج واشنگٹن اسپتال میں  دل کے والو کا  نئی تکنیک مائٹرل والو کلپنگ کے ذریعے علاج  شیڈول تھا۔ علاج کے لیے سندھ حکومت نے 14 ستمبر کو 4 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے تھے ۔ عمر شریف کے انتقال پر پاکستان اور بھارت میں بھی فنکار برادری غم میں ڈوب گئی جبکہ پاکستانی سیاستدانوں نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا ہے ۔