دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ موجودہ چیئرمین نیب کو حکومتی مقاصد کی تکمیل کے لئے ایکسٹینشن ملی ، مریم نواز نے معاملہ عدالت میں لے جانے کا عندیہ دے دیا۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے کی بھرپور مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہچیئرمین نیب کو اپنے مقاصد کے استعمال کےلیے توسیع دی گئی ہے ۔سب جانتے ہیں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی توسیع غیر قانونی ہے۔ جمہوریت نہیں یہ آمریت کی بدترین مثالیں ہیں ۔ امید ہے کہ چیئرمین نیب کی توسیع عدالت سے مسترد ہوجائے گی ۔
عمران خان نے امپائر کو ساتھ ملا کر منتخب حکومت کو گرایا۔ ہمارے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوئی۔ پاناما کا تو بہت شور مچا مگر پنڈورا پیپرز اور دیگر اسکینڈلز پر اب جے آئی ٹی کہاں ہے؟ کیوں نیب بھی خاموش ہے ؟ کیوں کوئی آوازنہیں اٹھا رہا۔ کمیشن عمران خان کے اے ٹی ایمز کی کیا تحقیقات کرے گا ؟اس موقع پر انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بتائیں کہ انہوں نے کون سے تحفے لے کر اپنی جیب میں ڈالے ؟ کیوں ان غیر ملکی تحائف کے بارے میں خاموشی ہے جبکہ یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ عمران خان نے تحفے میں ملنے والی گھڑی بیچ دی ہے ۔
فوج اور ایجنسیوں کو تنازعات اور شک و شبہات سے بالاتر ہونا چاہیے۔ یہ درست ہے کہ کسی ایک فرد کی وجہ سے ادارے کا نام نہیں لینا چاہیے لیکن جب فرد واحد ادارے کے پیچھے چھپتا ہے تو کیا وہ ادارے کے وقار میں اضافے کا باعث بنتا ہے؟
واضح رہے کہ منگل کے روز مریم نواز نے سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی تقریر، ارشد ملک کی ویڈیو اور دیگر شواہد کی بنا پر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے لیے متفرق درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی تھی۔