فلم قندھار بریک میں انمول کردار نبھا کر عالمی شہرت سمیٹنے والے رشید ناز ہمیشہ یاد رہیں گے

وقت اشاعت :18جنوری2022

رحیم یوسفزئی ، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، پشاور۔ فلم قندھار بریک میں  انمول کردار  نبھا کر عالمی شہرت سمیٹنے والے  رشید ناز ہمیشہ یاد رہیں گے ۔ لیجنڈ اداکار پشاور میں انتقال کرگئے ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق پاکستان کے مایہ ناز اداکار رشید ناز طویل علالت کے بعد پشاور میں انتقال کر گئے ۔ بین الاقوامی شہرت کے حامل رشید  ناز پشاور کے ہی ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ انہوں نے پشتو ، ہندکو اور اردو زبان کے ڈراموں میں جوہر دکھائے ۔

 رشید ناز 1948 پشاور میں پیدا ہوئے، 1971 میں پشتو ڈراموں سے کیرئیر کا آغاز کیاجبکہ 1973 میں اردو ڈرامے ”ایک تھا گاؤں“ میں اداکاری  سے شہرت سمیٹی ۔ رشید ناز نے 1988ءمیں پشتو فلمی دنیا میں بھی  قدم رکھا۔ ان کی پہلی پشتو فلم ”زما جنگ“ تھی ۔ لیجنڈ اداکار نے ہالی  ووڈ میں بھی قدم رکھا اور عالمی اداکار کی حیثیت سے اپنی پہچان بنائی ۔ خیبر پختونخوا سے تعلق کی بنا کر وہ افغان طرز زندگی سے بھی واقفیت رکھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ فلم قندھار بریک میں انہوں نے بطور ریسرچر بھی اپنی خدمات پیش کیں جبکہ حقیقت پسندانہ کارکردگی سے  فلم بینوں کے دل جیت لئے ۔

برطانوی ڈائریکٹر ڈیوڈ وٹنی کی فلم ’قندھار بریک‘ کے بعد انہیں ہالی ووڈ کی متعدد فلموں میں سائیڈرول کی بھی آفرز ہوئیں ۔ انہوں نے بالی ووڈ فلم بے بی میں بھی قدامت پسند شخصیت کا کردار بخوبی نبھایا ۔ ان کے انتقال پر شوبز اور سماجی شخصیات نےگہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔