بزدل کپتان تحریک عدم اعتماد سے بھاگ رہا ہے ، سپیکر قومی اسمبلی آلہ کار ہے ،  بینظیر بھٹو کے خلاف تحریک عدم پر سات روز میں ووٹنگ ہوئی تھی، بلاول

وقت اشاعت :20مارچ2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ بزدل کپتان تحریک عدم اعتماد سے بھاگ رہا ہے ، سپیکر  قومی اسمبلی آلہ کار ہے ،  بینظیر بھٹو کے خلاف تحریک عدم پر سات روز میں ووٹنگ ہوئی تھی، بلاول  بھٹو نے پریس کانفرنس میں وزیراعظم کو خوب ریڈار میں رکھا ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے  مطابق بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس میں کہا جو کپتان جیتنے والا ہو وہ تو راہ فرار اختیار نہیں  کرتا ۔ یہ تشدد اور حالات خراب کروا کر معاملے کا التوا چاہتا ہے ۔ اس نے آئین پاکستان توڑا ہے ۔ ہم اس کو آئین کی مزید خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے ۔اس سلیکٹڈ کو شکست شروع سے نظر آرہی ہے ۔ بینظیر بھٹو کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی تھی تو سات دنوں میں ووٹنگ ہوئی تھی ۔ اس شخص نے پارلیمنٹ لاجز پر حملہ کرایا ۔ عمران خان پیسوں سے ضمیر خریدنے کا پراپیگنڈا کر رہا ہے ۔ یہ جھوٹا ہے اس لئے ثبوت پیش نہیں کر رہا۔ تین ضمنی الیکشن آپ ہار چکے ہیں ۔ اس  کا سلیکٹڈ مینڈیٹ رد ہو چکا ہے ۔ تم تو ایک بلدیاتی الیکشن نہیں جیت سکتے ۔ کیسے ملک کے سربراہ ہونے کا دعویٰ کر سکتے   ہو؟

کرپٹ افرادکا تحفظ، لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا ، بدزبانی کیا یہ سب ہے ریاست مدینہ کا درس ؟ 

بلاول بھٹو نے مزیدکہا کہ  کیا ریاست مدینہ اس قسم کی زبان کی اجازت دیتی ہے ؟جس طرح تم ظالم کی سپورٹ کرتے ہو کیا ریاست مدینہ یہ کہتی ہے ؟کرپٹ افرادکا تحفظ، لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا ، بدزبانی کیا یہ سب ہے ریاست مدینہ کا درس ؟  مذہب کالبادہ اتارو ، ریاست مدینہ کا نام لینا بند کرو۔

بلاول بھٹو نے کہا عمران خان بیرونی  ایجنٹ ہے ،اسے یورپی یونین سے تعلقات خرا ب کرانے کا ٹاسک دیا گیا ہے ۔ اسے یہ بھی ٹاسک ملا ہے کہ مودی جیسی خارجہ پالیسی اپناؤ۔ یہ خود ساختہ طور پر نام نہاد عالمی بلاک کا حصہ بننے کے لئے اپنے آپ کو اہل سمجھتا ہے ۔ بلاول نے تنقیدی لہجے میں کہا آپ مسلم امہ کے خود ساختہ لیڈر بننے کی کوشش نہ کرو۔ آپ بھٹو نہیں بن سکتے ۔ نقل کے لئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے ۔