سپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس 21کے بجائے 25کو بلا لیا، تاخیر کی وجہ کیا ہے ؟

وقت اشاعت :20مارچ2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس 21کے بجائے 25کو بلا لیا، تاخیر کی وجہ کیا ہے ؟ تفصیلات سامنے آگئیں ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے  مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 21مارچ کے بجائے 25مارچ کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس طرح تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ اب 30مارچ کو ہوگی ۔ اس سےپہلے 21مارچ کو اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس کے بعد صورتحال میں  اہم موڑ آگیا۔ قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے تاخیر سے اجلاس بلانے کی وجوہات ایک حکم نامے میں بیان کردیں ۔ سپیکر کےمطابق  اپوزیشن نے 8مارچ کو اجلاس بلانے کی ریکوزیشن دی تھی ۔ اس سےپہلے قومی اسمبلی نے 21جنوری کو قرارداد منظور کی تھی جس کی رو سے قومی اسمبلی چیمبر وزارت خارجہ کے حوالے کیا جانا تھا تاکہ او آئی سی کانفرنس کا انعقاد ہو سکے ۔

سپیکر کےمطابق اسی مقصد کے لئے  قومی اسمبلی چیمبر کو فروری کے آخر میں تزئین وآرائش کیلئے وزارت خارجہ کے سپرد کر دیا گیا تھا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کی ریکوزیشن ملتے ہی سینیٹ سیکرٹریٹ سے سینیٹ ہال دینے کی درخواست کی گئی  تھی لیکن سینیٹ سیکرٹریٹ نے بھی ہال کی تزئین و آرائش کے باعث چیمبر دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے ، ڈی سی اسلام آباد کو بھی موزوں جگہ کے لئے کہا گیا مگر کوئی جگہ کا انتظام نہیں ہو سکا۔اب اسی لئے اجلاس 25مارچ کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔