نواز شریف کے معالج ڈاکٹر فیاض شال کا پریانکا چوپڑا سے جھگڑا کب ہوا تھا ؟

وقت اشاعت :2فروری2022

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، واشنگٹن ڈی سی ۔ نواز شریف کے معالج ڈاکٹر فیاض شال کا پریانکا چوپڑا سے جھگڑا کب ہوا تھا ؟تفصیلات سامنے آگئیں ۔  

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق شہباز گل نے اپنے ٹویٹ میں نواز شریف کے معالج کے حوالے سے  طنزیہ بیان  دیا ہے  ۔ انہوں  نے کہا کہ ڈاکٹر فیاض شال بھارتی شہری ہیں اور ایک اداکارہ سے جھگڑ چکے ہیں ۔ انہوں نے پریانکا چوپڑا سے منسوب ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پریانکا نے کہا تھا کہ موصوف ڈاکٹر خود فلمیں بنانے کے شوقین ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے  مطابق یہ واقعہ 20 فروری 2011 کو پیش آیا تھا۔ جبکہ بھارتی میڈیا میں سب سے پہلے  بارہ مارچ 2011کو یہ خبر بریک ہوئی ۔  

رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر فیاض شال  ممبئی سے دبئی کا سفر کر رہے تھے جبکہ ان کے قریب ہی سیٹ پر بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا بھی تھیں ۔   پریانکا نے دعویٰ کیا کہ جہاز ٹیک آف کرنے والا تھا اس دوران مبینہ طور پر ڈاکٹر فیاض شال نے  ان سے بدتمیزی کی جبکہ ڈاکٹر فیاض  کا موقف تھا کہ جہاز ٹیک آف کر رہا تھا مگر پریانکا چوپڑا مسلسل فون پر بات کر رہی تھیں ۔ انہیں صرف اتنا کہا تھا کہ فون کا استعمال نہ کریں ۔ جہاز ٹیک آف ہونے کے دوران موبائل سگنلز سے جہاز کے نظام میں خلل پڑ سکتا ہے جس پر وہ بھڑک اٹھیں اور سخت زبان استعمال کرنا شروع کر دی ۔

دوسری جانب پریانکا نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا تھاکہ ڈاکٹر فیاض شال انہیں دھمکیاں دے رہے تھے ان کے خلاف پولیس کو شکایت بھی لگائی تھی تاہم بعد میں ڈاکٹر فیاض نے معافی مانگی تھی ۔