کیاکوئی باپ بھی ایساکرسکتاہے؟افغانی باپ نےچاقو کے زور پر اپنے ہی تین بیٹے اغوا کرلئے ۔لندن میں پیش آنے والے اس واقعے نے برطانوی پولیس کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔
افغانی نژادعمران صفی نے گھر کے لان سے کھیلتے بچوں کو پہلے دھمکایا اور پھر گاڑی میں بٹھا کر لے گیا ۔
عینی شاہدین کے مطابق تین بچے بلال صفی، ابرار صفی اور یاسین صفی فوسٹر کیئر میں تھے۔ اتنے میں ان کا باپ آیا اور چاقو دکھا کر تینوں بچوں کو لے گیا۔
فوسٹر کیئر کے علاقے میں ہی ایک خاتون نے چاقو بردار شخص کو دیکھتے ہی پولیس کو رپورٹ کی جس کے بعد لندن پولیس حرکت میں آگئی۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں یہ بتایا ہے کہ عمران صفی کا تعلق افغانستان سے ہے لیکن اس کے پاکستان میں گہرے تعلقات ہیں ۔
عمران صفی پاکستان میں کن افراد سے رابطے رکھتا ہے ؟ اس کی کھوج بھی جاری ہے ۔
لندن پولیس کے ترجمان کےمطابق لندن بھرکی پولیس حرکت میں آچکی ہے ۔
پہلی ترجیح بچوں کو بچانا ہے جن کا فی الوقت کوئی سراغ نہیں ملا ۔ عمران صفی کی اہلیہ کے حوالے سے کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں ۔
یہ بھی پڑھیئے:دھوکہ نہ کھائیں یہ کراچی نہیں لندن ہے
بچوں کی جان خطرے میں ہے :برطانوی پولیس
پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کی جان خطرے میں ہوسکتی ہے۔ برطانوی محکمہ داخلہ کے مطابق ملک بھر کے ہوائی اڈوں ، بحری اور زمینی راستوں میں عمران صفی کے کوائف بھجوا دیئے گئے ہیں۔
ملزم کو کسی صورت فرار نہیں ہونے دیاجائےگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران صفی کی عمر 26 سال ہے ۔
اس کے تین بیٹے پانچ سے گیارہ سال کی عمر کے درمیان ہیں ۔ پولیس نے اس حوالے سے متعدد اشتہارات بھی جاری کئے ہیں اور عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے ۔
شہریوں کو کہا گیا ہے کہ اس کی گاڑی ڈھونڈنے میں مدد کی جائے یا پھر کوئی بھی شخص اس کو جانتا ہووہ فوری طور پر پولیس کو آگاہ کرے ۔
لندن کے اس انوکھے واقعے میں عمران صفی سے روابط رکھنے والے آٹھ مشتبہ افراد گرفتار ہو چکے ہیں ۔