میانمار کی فوج جلاد بن گئی، 91مظاہرین کو قتل کر دیا۔ ہفتہ فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں کا خونی ترین دن رہا۔ رنگون میں امریکا کے ثقافتی سنٹر پر بھی گولیاں برسائی گئیں
میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج قابو سے باہر ہونے پر فوجی حکمرانوں نے "شوٹ ٹو کل” کی پالیسی اپنا لی ۔ ایک ہی دن میں 91 مظاہرین ہلاک کر دیئے گئے ۔ سرکاری ٹی وی پر جمعہ کو فوجی حکمرانوں نے خبردار کیا تھا کہ احتجاج کرنے والوں کے سر میں گولی ماری جائے گی اور پھر فوج نے اپنے بیان کے مطابق ایسا ہی کیا۔ شہر مندالے میں پانچ سالہ بچے سمیت 29 افراد فورسز کے ہاتھوں مارے گئے۔
فورسز نے فوجی بغاوت کے مخالفین کو گھروں سے گھسیٹ کر باہر نکالا اور وحشت کا نشانہ بنایا۔ رنگون میں امریکا کے ثقافتی سنٹر پر بھی فائرنگ ہوئی ۔ادھرمیانمار کے دو درجن نسلی گروپوں پر مشتمل کیرن نیشنل یونین نے فوج کے خلاف ہتھیار اٹھا لئے ۔ کیرن نیشنل یونین نے تھائی لینڈ بارڈر پر فوجی چوکی پر قبضہ کر کے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 10 فوجی ہلاک کر دیئے ۔