دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، دبئی ۔ پاکستان کا ورلڈ کپ میں طوفانی سفر ، افغان ٹیم بھی زیر ، سیمی فائنل میں یقینی انٹری کی راہ ہموار ہو گئی ۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر دنیائے کرکٹ میں پھر اپنی اہمیت واضح کر دی ۔
دی سپر لیڈڈاٹ کام کے مطابق یہ میچ سنسنی خیز ثابت ہوا۔ دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں افغان باشندوں کی بڑی تعداد موجود رہی جبکہ پاکستانیوں نے بھی خوب لطف اٹھایا۔ پاکستان نے 148 رنز کا ہدف بابر اعظم اور آصف علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 19 اوورز میں مکمل کرلیا۔ آصف علی شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی جبکہ افغانستان نے بھی اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھلائی گئی ٹیم کو ہی میدان میں اُتارا۔
افغانستان نےآخری اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور ابتدائی وکٹیں گرنے باوجود کم بیک کرتے ہوئے آخری پاور پلے میں تیز ہٹنگ کی ۔ مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر147 رنز بنانے میں کپتان محمد نبی اور گلبدین 35،35 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ افغانستان نے آخری 5 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 54 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 2،شاہین ، حسن ، شاداب اور حارث نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے 148 رنز کا ہدف بابر اعظم اور آصف علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 19 ویں اوورز میں حاصل کرلیا۔ کپتان بابر اعظم 51 رنز بنا کرنمایاں رہے۔ رضوان دس گیندوں پر اٹھ رنز بنا کرآؤٹ ہوئے ۔فخر زمان ، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک وقت میں میچ افغانستان کے حق میں جاتا دکھائی دیا ۔ اس دوران آصف علی آئے اور افغان ٹیم کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ انہوں نے ایک ہی اوور میں میچ تمام کر دیا۔ آصف علی نے 7 گیندوں پر برق رفتار 25 رنز بناکر ٹیم کو شاندار فتح دلوائی۔ انہوں نے چار چھکے رسید کئے جو پاکستان کو جیت کا مزہ چکھا گئے ۔ پاکستان نے یوں اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن برقرار ررکھی ہے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموا رکر لی ہے ۔