ویران سٹیڈیم ، بڑے کھلاڑی پہلے ہی نہ آئے ،کورونا بہانہ ، ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو کرسمس گھروں میں منانے کی بھی جلدی تھی

وقت اشاعت :18دسمبر2021

قاسم چوہان ، بیورو چیف ، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، کراچی ۔ ویران سٹیڈیم ، بڑے کھلاڑی پہلے ہی نہ آئے ،کورونا بہانہ ،  ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو کرسمس گھروں میں منانے کی بھی جلدی تھی

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے ذرائع نےا ہم انکشافات کر دیئے۔ دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم ون ڈے سیریز ملتوی کر کے گھر واپس روانہ ہو گئی ہے ۔ اس سے پہلے آخری ٹی ٹوینٹی میچ سے قبل بھی ڈرامائی صورتحال بنی رہی ۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مزید کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر میچ کھیلنے سے ہی انکار کر دیا۔ اس دوران پی سی بی میدان میں اترا اور ٹیم کو منانے کی کوشش کی ۔ ذرائع کے مطابق رمیز راجہ خود بھی کھلاڑیوں کو کھیلنے پر آمادہ کرتے رہے ۔

طویل مذاکرات کے بعد کھلاڑی میچ کے لئے تیار ہوئے اور یوں میچ شروع ہوا۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی انتہائی مایوس تھے اور دورے کے دوران اکتائے ہوئے دکھائی دیئے ۔ پی سی بی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ ویسٹ انڈیز ٹیم بھی پاکستان میں کھیلنے کو تیار نہیں تھی ۔ زیادہ تر کھلاڑی انکار کر چکے تھے جس کے بعد موجودہ ٹیم بھی ہچکچاہٹ کا شکار تھی ۔ ایسے میں کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر کھلاڑی اس دورے کو فوری ختم کرنا چاہتے تھے ۔ یہ بھی اطلاعات سامنے آئیں کہ کھلاڑیوں نے اپنے ٹیم آفیشلز کواپنی شرائط سے آگاہ کیا تھا ۔ جن میں سرفہرست کرسمس سے پہلے دورہ ختم کرنا تھی ۔ کھلاڑی کورونا کے نئے ویرینٹ کے کیسز بڑھنے سے دباؤ کا شکار تھے اور اسی کو بہانہ بنا کر کرسمس انجوائے کرنے کے لئے واپس کیریبین جانا چاہتے تھے