ارمان توبہت تھےمگرزندگی نےمہلت نہ دی ۔ پاکستانی تائیکوانڈو سٹار ماہم آفتاب کینسر کے باعث انتقال کرگئیں۔آبائی علاقے میں سپرد خاک کر دی گئیں ۔
ماہم آفتاب 2014 میں یوتھ اولمپکس میں پاکستان کی تائیکوانڈو میں نمائندگی کرنے والی پہلی کھلاڑی بنی تھیں۔ تائیکو انڈو کی پاکستانی سٹار ماہم آفتاب صرف 26 سال کی عمر میں دنیا چھوڑ گئیں۔ نوجوان کھلاڑی نے اردن میں انٹرنیشنل تائیکوانڈو مقابلے میں پاکستان کے لیے میڈل جیتا تھا۔وہاڑی سے تعلق رکھنے والی ماہم 7 سال تک قومی چیمپئن رہی تھیں اور پاکستان آرمی کی نمائندگی کرتی تھیں۔ 2015 میں کینسر کے باعث ماہم آفتاب نے تائیکوانڈو سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
پانچ سال تک بیماری سے لڑنے کے بعد وہ چل بسیں۔ ماہم آفتاب کی وفات پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، پاکستان کرکٹ بورڈ اور ریسلنگ چیمپئن انعام بٹ سمیت کئی کھلاڑیوں نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ماہم کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ان کی بیٹی پانچ سال سے کینسر کے خلاف جنگ لڑ رہی تھی ۔ ان کی بیٹی بہت بلند عزم والی تھی ۔ دیگر کھلاڑیوں نے ہمیشہ نیک خواہشات کا اظہار کیا۔