SUPER LEADS

گستاخانہ خاکوں پرحکومت اپوزیشن کی قراردادپرکیوں متفق نہ ہوئی؟

26اکتوبر

گستاخانہ خاکوں پرحکومت اپوزیشن کی قراردادپرکیوں متفق نہ ہوئی؟سپر لیڈ نیوز کے مطابق اپوزیشن کی قرارداد میں فرانس سے سفیر واپس بلانے کامطالبہ درج تھا۔

 سپر لیڈ نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے مابین تلخ کلامی ہوئی  ۔ معاملہ اس قدر بڑھا کہ خاکوں کے بجائے سیاسی حملے شروع ہوگئے ۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر فقرے کسے گئے ۔ حزب اختلاف اور حکومت اپنی اپنی قرارداد منظور کرانا چاہتے تھے۔ تاہم طویل سیاسی جھڑپ کے بعد اپوزیشن نے حکومتی قرارداد  پر رضا مندی ظاہر کردی ۔

اجلاس سے پہلے ہی  ماحول اس وقت خراب ہوا جب اپوزیشن اور حکومت نے ایک ساتھ پہلے تقریر کی اجازت طلب کی۔ اپوزیشن ارکان سپیکر کے ڈائس کے سامنے آگئے اور پہلے فلور مانگا۔ جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی آن پہنچے اور تقاضا کیا کہ پہلے وہ قرار داد پیش کرنا چاہتے ہیں ۔ ڈپٹی سپیکر نے پہلے خواجہ آصف کو بولنے کاموقع دیا تو انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے قرارداد پیش کرنا چاہی ۔

اپوزیشن کی قرارداد میں فرانس سے سفیر واپس بلانے کامطالبہ درج تھا

سپرلیڈ نیوز کے مطابق اس قرارداد میں فرانس سے اپنا سفیر واپس بلانے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔ یہی وجہ تھی کہ حکومت نے اس قرارداد کے بجائے اپنی قرارداد منظور کرانے کے لئے کوشش کی کیونکہ اس میں ایسا کوئی مطالبہ نہیں تھا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی قرارداد کا مسودہ حکومتی ارکان کے ہاتھ لگ گیا تھا ۔ حکومت فرانس سے سفیر واپس نہیں بلوانا چاہتی تھی ۔

یہ بھی پڑھیے

اس دوران خواجہ آصف نے اپنی تقر یر میں حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ تقریر کے بعد شاہ محمود قریشی بھی غصے میں دکھائی دیئے اور اپوزیشن پر بھارتی زبان بولنے کے الزامات لگا دیئے۔معاملہ زیادہ بگڑا تو ڈپٹی سپیکر کو اجلاس دس منٹ کے لئے ملتوی کرانا پڑا۔ اس دوران حکومتی وزرا نے فوری طور پر اپوزیشن کو قرارداد پر منانے کی کوشش کی ۔ اسد عمر راجہ پرویز اشرف اور احسن اقبال  کو منانے کی کوشش کرتے رہے ۔ اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو فرانسیسی خاکوں کے خلاف  شاہ محمود قریشی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ۔ وقفے کے دوران اپوزیشن کے مطالبے متفقہ قرارداد میں شامل کرلیا گیا اور ایوان نے فرانس سے سفیر واپس بلانے کا مطالبہ کردیا۔ یوں اہم قرارداد کی حد تک اپوزیشن کو اپنی بات منوانے میں کامیابی مل گئی۔

Related Articles

Back to top button