BREAKINGSPORTS

نیرج چوپڑا میدان کے ہیرو، ارشد ندیم دلوں کے فاتح

وقت اشاعت :8اگست 2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، ٹوکیو۔ نیرج چوپڑا میدان کے ہیرو، ارشد ندیم دلوں کے فاتح  بن گئے ۔ ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کا فائنل پاکستان اور بھارت بھر میں کروڑوں شائقین نے دیکھا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کے آخری ایتھلیٹ ارشد ندیم میڈل کی دوڑ سےباہر ہو گئے ۔ پاکستانی کھلاڑی نے جیولین تھرو فائنل میں پوزیشن تو پانچویں حاصل کی لیکن بہادری سے مقابلے نے شائقین کے دل جیت لیے۔گولڈ میڈل بھارت کے نیرج چوپڑا کے حصے میں آیا جو اپنی باڈی لینگوئج اور انداز سے  مرکز نگاہ بنے رہے ۔ میدان میں نیزا پھینکتے وقت ان کے اعتماد کو خاصی پذیرائی ملی ۔ فائنل مقابلے میں ارشد ندیم سمیت دنیا بھر کے 12 بہترین ایتھلیٹ شامل تھے۔ پہلے مرحلے میں ارشد ندیم نے چوتھی پوزیشن جبکہ دوسرے مرحلے میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ ارشد ندیم نے مقابلے کا بہترین آغاز کرتے ہوئے پہلی تھرو 82.40میٹر دور پھینکی۔ دوسری کوشش میں لائن عبور کرنے کے باعث ان کی تھرو منسوخ کر دی گئی۔انہوں نے پھر کم بیک کرتے ہوئے 84.62میٹر کی تیسری تھرو پھینک کر آخری راؤنڈ میں جگہ پکی کر لی ۔ دوسرے راؤنڈ میں ارشد ندیم بھرپور مقابلے کے باوجود پہلی تین پوزیشنزپر نہ آ سکے۔ ارشد ندیم کے رخصت ہونے کے بعد پاکستان کا 29 سال بعد اولمپک میڈل جیتنے کا خواب مزید طویل ہو گیا ہے ۔

اہم مقابلے کی پاکستان اور بھارت میں زبردست پذیرائی

 ایونٹ میں بھارت نے گولڈ میڈل، چیک ریپبلک نے سِلور اور برانز میڈل پر قبضہ جمایا۔ اس مقابلے  کو پاکستان اور بھارت میں کروڑوں شائقین نے دیکھا۔ پاکستان میں کئی مقامات پر سکرینیں نصب کی گئیں جہاں شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ۔ شہریوں کا جوش و جذبہ عروج پر تھا۔ ادھر بھارت میں نیرج کی حمایت میں زبردست مہم چلائی گئی ۔ بھارتی میڈیا دن بھر نیرج کے گن گاتا رہا۔

دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے اپنے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی

 اس اہم مقابلے سے پہلے وزیراعظم مودی نے ویڈیو لنک کے ذریعے نیرج سے بات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ دوسری جانب پاکستانی وزیراعظم نے بھی اپنے کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کےلئے ٹویٹ کیا۔دونوں کھلاڑیوں کی دو روز قبل کے مقابلے کے دوران تصویر بھی خوب وائرل ہوئی جس میں دونوں کو سر جوڑے ایک دوسرے سے  ہاتھ ملائے دیکھا جا سکتا ہے ۔ دونوں کھلاڑیوں میں ساؤتھ ایشین گیمز کے دوران دوستی ہوئی تھی ۔

Related Articles

Back to top button