میری کردار کشی کے لئے جعلی ویڈیوز تیار کی جارہی ہیں ، مخالفین نے ایسی پراپیگنڈا کمپنیوں سے ساز باز کر لی ہے ، عمران خان

وقت اشاعت :5مئی2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کا م ، اسلام آباد۔ میری کردار کشی کے لئے جعلی ویڈیوز تیار کی جارہی ہیں ، مخالفین نے ایسی پراپیگنڈا کمپنیوں سے ساز باز کر لی ہے ، عمران خان نے ایک انٹرویو میں بڑے انکشاف کر دیئے ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق عمران خان نے اپنے خدشات کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جعلی ویڈیوز تیار کی جارہی ہیں ۔ سیاسی مخالفین نے ایسی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو ان کی کردار کشی کے لیے ’ویڈیوز‘ تیار کر رہی ہیں۔ نجی چینل کے میزبان اداکار شان شاہد  کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے مافیاز کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سب سے بڑا شریف مافیا ہے۔ یہ مافیا ہمیشہ ذاتی سطح پر حملہ کرتا ہے  کیونکہ یہ خاندان گزشتہ 35  برس سے کرپشن میں ملوث  ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے  کردار کشی کی مہم شروع کرنے کی تیاریاں کر رکھی ہیں۔ انہوں نے عید کے بعد پراپیگنڈا کرنا تھا ۔ عید ختم ہوچکی ہے اب دیکھتے ہیں یہ لوگ کیا کرتے ہیں ۔ آپ دیکھیں گے کہ وہ میری کردارکشی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔  شریف خاندان نے ایسی  پراپیگنڈا کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو مواد تیار کر رہی ہیں۔

عمران خان نے کہاجمائما کا جرم کیا تھا؟ وہ میری بیوی تھی، اب انہیں فرح خان مل گئی ہے، فرح کا جرم یہ ہے کہ وہ میری اہلیہ بشریٰ بیگم کی قریبی ساتھی ہےاسی وجہ سے وہ پراپیگنڈا مہم کے ذریعے حقائق کو مسخ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار اور مرحوم جج ارشد ملک کی  طرح یہ لوگ ویڈیو ز تیار کروا سکتے ہیں ۔قوم یہ سمجھے کہ اگر آپ کسی کا نام خراب کرنا چاہتے ہیں تو ایسی کمپنیاں ہیں جو آپ کی مدد کر سکتی ہیں اور شریف خاندان یہی کچھ کر رہا ہے ۔