دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، ممبئی ۔ بھارتی گلوکار ہنی سنگھ نے بیوی کی جانب سے تشدد کے الزامات کی تردید کر دی ۔ شالنی تلوار کا رویہ افسوسناک قرار دے دیا۔
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق بھارتی گلوکار یو یو ہنی سنگھ کے ستارے ان دنوں خاصے گردش میں ہیں۔ ان کی اہلیہ شالنی تلوار نے دو اگست کو ان کے خلاف پروٹیکشن آف ویمن فرام ڈومیسٹک وائلنس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے جس میں انہوں نے ہنی سنگھ پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہنی سنگھ دیگر خواتین کے ساتھ جنسی مراسم رکھتے ہیں ۔ ان کو اکثر مارپیٹ کا نشانہ بناتے ہیں۔ ان کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں۔ وہ ہنی سنگھ کے رویے سے تنگ آگئی ہیں ۔ شالنی نے مزید کہا کہ ہنی کے اہل خانہ بھی ناروا سلوک رکھتے ہیں ۔ عدالت نے ہنی سنگھ کو طلب کرلیا ہے ۔دوسری جانب ہنی سنگھ نے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شالنی کے ساتھ بیس سال سے رہ رہے ہیں ۔ کبھی تشدد نہیں کیا الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ عدالت میں جواب جمع ضرور کرائیں گے ۔