اداکارہ یمنیٰ زیدی اور نادیہ افغان کی نوک جھونک، بشریٰ انصاری بھی میدان میں اتر آئیں

وقت اشاعت :30جون2023

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام، کراچی ۔اداکارہ یمنیٰ زیدی اور نادیہ افغان کی نوک جھونک، بشریٰ انصاری بھی میدان میں اتر آئیں  ، یمنیٰ زیدی کی حمایت کر دی ۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام  کے مطابق پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اداکارہ یمنیٰ زیدی کے حق میں  میدان میں اتر آئی ہیں ۔ کچھ روز قبل اداکارہ  نادیہ افغان اور یمنیٰ زیدی کی سوشل میڈیا پر نوک جھونک ہوئی تھی ۔ نادیہ افغان نے یمنیٰ زیدی کو انڈسٹری  کی اوور ریٹڈ اداکارہ قرار دیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر تبصروں کی بھرمار ہو گئی ۔ کئی صارفین نے نادیہ افغان کے بیان کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ نادیہ افغان نے محض حسد کی بنیاد پر ایسا بیان دیا ہے ۔

دوسری جانب کئی صارفین ایسے بھی تھے  جنہوں نے نادیہ افغان کے بیان سے اتفاق کیا۔  سوشل میڈیا پر بڑھتی بحث کے بعد سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے یمنیٰ زیدی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے ۔ بشریٰ انصاری نے نادیہ افغان کے بیان کو ذاتی نظریہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میزبان کو اس طرح کے سوالات نہیں پوچھنے چاہیے اور سینئر ہونے کے ناطے ہمیں نئی نسل کو انڈر ریٹ نہیں کرنا چاہیے۔ یمنیٰ زیدی ایک بہترین اداکارہ ہیں اور مجھے وہ روحی بانو جیسی  با کمال اداکارہ لگتی ہیں ۔

بشریٰ انصاری نے نادیہ افغان کو مخاطب کر کے مزید لکھا کہ اگر آپ کا نظریہ ہے تو اسے پبلک میں نہ بولیں، بری بات ہے ۔ کچھ ہی گھنٹوں بعد بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا  پر نادیہ افغان کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ نادیہ افغان بہترین اداکارہ ہیں اور چھوٹی بہنوں کی طرح ہیں ۔ صرف اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لئے انہیں محض مشورہ دیا ہے ۔