معروف بھارتی اداکارہ اپنی 22ویں سالگرہ کی رات پراسرارطور پر کمرے میں مردہ پائی گئیں

وقت اشاعت :15مئی2022

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق جنوبی بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل سہانا اپنی 22 ویں سالگرہ کی رات گھر میں مردہ پائی گئی ہیں ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سہانا کی لاش ریاست کیرالہ کے شہرکالی کٹ میں واقع ان کےفلیٹ میں ملی ۔ قریبی فلیٹ میں مقیم ایک شخص نے بتایا کہ پولیس کو لاش فلیٹ کی  کھڑی کے پلر سے لٹکتی ہوئی ملی تاہم پولیس نے  تصدیق نہیں کی ۔ دوسری جانب اداکارہ کے والدین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان کی بیٹی نے خود کشی نہیں کی بلکہ ممکنہ طور پر انہیں قتل کیا گیا ہے ۔ انہوں نےاپنے داماد پر شک ظاہر کیا ہے ۔ اداکارہ کی والدہ نے مزید بتایا کہ بیٹی کا شوہر اکثر تشدد کرتا تھا۔ اداکارہ کی موت ان کی بائیس ویں سالگرہ کی رات ہوئی ہے ۔

پولیس نے تحقیقات کے لئے سہانا کے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے ۔ دونوں کی ایک سال قبل ہی شادی ہوئی تھی ۔ سہانا کے شوہر کے بیانات نے معاملے کو مزید الجھا دیا ہے۔ انہوں نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرایا کہ سہانا کی  لاش باتھ روم سے ملی ۔ اس طرح پولیس مختلف بیانات میں الجھ کررہ گئی ہے تاہم پولیس چیف نے تحقیقات میں سب حقائق سامنے لانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔