وفاق کی یکساں نصاب کی پالیسی میں بھی رکاوٹیں حائل ہوگئیں ۔ سندھ حکومت نے اپنے تعلیمی نصاب کو بہتر قرار دے دیا۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا سندھ حکومت کا تعلیمی نصاب وفاق سے بہتر اور جدید ہے ۔اس حوالے سے وفاق کے تیار کر دہ تعلیمی نصاب کو من و عن تسلیم نہیں کیا جا سکتا تاہم وفاق کے بہتر مضامین کو صوبائی نصاب میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق یہ اہم بیان وزارت تعلیم سندھ کے ایک اجلاس میں سامنے آیا ہے جس کی صدارت وزیراعلیٰ نے خود کی ۔ اس موقع پروزیر تعلیم سندھ سعید غنی بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ سندھ حکومت وفاق کی جانب سے تیارکردہ تعلیمی نصاب سے خوش نہیں ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ نصاب بنانا صوبائی حکومت کا اختیار ہے ۔مراد علی شاہ نے صوبے اور وفاق کے نصاب کا موازنہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔ سفارشات کے بعد تعلیمی نصاب کے حوالے سے حتمی نوٹیفکیشن سندھ حکومت ہی جاری کرے گی