صاحب گالیاں بہت نکالتا تھا۔۔ حیدر آباد میں محافظ نے ہی اپنے ڈی ایس پی کو قتل کردیا

وقت اشاعت :4فروری2022

ندیم چانڈیو، نمائندہ حیدر آباد، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ۔ صاحب گالیاں بہت نکالتا تھا، حیدر آباد میں محافظ نے ہی اپنے ڈی ایس پی کو قتل کردیا ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق حیدر آباد  میں دوران ڈیوٹی ہی ایک محافظ نے اپنے ڈی ایس پی کو قتل کردیا۔  یہ واقعہ قاسم آباد کے علاقے میں پیش آیا۔  ڈی ایس پی فیض دایو کو  انکے پولیس گارڈ نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ بازار میں ایک کیس کی تفتیش کے سلسلے میں آئے تھے ۔ پوسٹمارٹم  رپورٹ کے مطابق ملزم نے ڈی ایس پی کو پانچ گولیاں ماریں ۔ ملزم آصف  نے پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں اعتراف جرم کرلیا۔ آصف نے کہا کہ ڈی ایس پی انہیں گالیاں بہت نکالتے تھے ۔ کئی مرتبہ بے عزتی کی جبکہ بات بات پر   غیر ضروری ڈانتے بھی تھے ۔ اے ایس پی بلدیہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں دونوں  میں تلخ جملوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی تلخ کلامی کے بعد ملزم نے سرکاری اسلحے سے فائرنگ کر دی۔ پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ڈی ایس پی کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس کے بعد میت آبائی علاقے جیکب آباد روانہ کر دی گئی ۔