راولپنڈی ٹیسٹ کے لئے سرپرائز وکٹ تیار کرلی گئی ۔ گراؤنڈ حکام کے مطابق سپورٹنگ وکٹ میں موسچرائزرزیادہ ہوگی وکٹ تیسرےروز ٹرن لے گی ۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ چار فروری سے شروع ہوگا۔ سیریز کے آخری میچ کیلئے راولپنڈی سٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
وکٹ کو تیار کرنے کے بعد ڈھانپ دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار نہیں تھی ۔ سپن باؤلنگ کےلئے سازگار وکٹ پر پاکستانی سپنرز نے خوب جادو جگایا ۔ وکٹ میں غیر متوقع باؤنس بھی تھا جس کی نشاندہی کمٹیٹرز بھی کرتے رہے ۔ ذرائع کےمطابق راولپنڈی میں بھی کچھ ایسی ہی وکٹ تیار کرائی گئی ہے ۔ تاہم یہ وکٹ بیٹنگ کےلئے بھی موزوں ہوگی ، باؤنس زیادہ ہوگا جبکہ تیسرے روز وکٹ سپن باؤلنگ کےلئے جنت بن سکتی ہے ۔ کراچی ٹیسٹ میں بابر الیون کو سات وکٹوں سے کامیابی ملی تھی۔ قومی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے ۔