دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لاہور۔ فنڈز کی قلت اور نا اہلی کی انوکھی داستان ، قومی ٹیبل ٹینس کھلاڑی ایشین چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم رہ گئے
دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے این او سی تاخیر سے ملنے کی وجہ سے چیمپئن شپ میں انٹری نہ بھیجی جا سکی جس کی وجہ سے تمام ایشیائی کھلاڑی دوحا پہنچ گئے ۔ انتظامیہ نے بھی انتظار کے بعد سرخ جھنڈی دکھا دی ۔ یوں قومی کھلاڑی اہم ترین ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئے ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ نے فیڈریشن کو چیمپئن شپ کے لئے این او سی گزشتہ روز جاری کئے ۔جبکہ فیڈریشن کو ٹیم کی روانگی کی تواریخ کا بھی معلوم تھا۔ چیمپئن شپ 28 ستمبر سے دوحا میں شیڈول ہے ۔ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کوعدم شرکت کے حوالے سے بتادیا ہے ۔
پاکستان ٹیم دس مردو خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل تھی ۔ ترجمان ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے دی سپر لیڈ ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے معاملہ قطر میں ایونٹ کی انتظامیہ پر ڈالنے کی کوشش کی اور کہا کہ پاکستان سپورٹس فیڈریشن منتظمین سے رابطے میں ہے ۔
این او سی تاخیر سے ملا مگر ایونٹ کے منتظمین نے انٹری کےحوالے سے بھی نہیں بتایا۔ اب ہم دو ٹاپ مردو خاتون کھلاڑیوں کی شرکت کے لئے کوشاں ہیں لیکن منتظمین کی جانب سے کوئی جواب نہیں آرہا۔ انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے قومی کھلاڑی مایوس ہو گئے ۔