عبرتناک وائٹ واش، مگر ٹی 20سیریز سے پہلے بابر اعظم چارج ہو گئے

وقت اشاعت :14جولائی2021

دی سپر لیڈ ، لندن ۔ عبرتناک وائٹ واش، مگر ٹی 20سیریز سے پہلے بابر اعظم چارج ہو گئے ، طوفانی بلے بازی سے شائقین خوش  ہوگئے۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق انگلینڈ کے خلاف آخری ون ڈے میں کپتان بابر اعظم کی شاندار اننگز نے شائقین کے دل جیت لیے۔ مگر پاکستان سیریز کا آخری میچ بھی ہار گیا ۔ یوں انگلینڈ نے سیریز میں وائٹ واش کرتے ہوئے تین صفر سے کامیابی حاصل کی ۔ انگلینڈ نے 332رنز کا ہدف 47ویں اوور میں پورا کرلیا ۔ ایک وقت میں پاکستان کی جیت کے آثار پیدا ہوئے جب 165رنز پر انگلینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی ۔

چھٹی وکٹ  پر جیمز ونس اور لیوئس گریگوری نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔جیمزنے 102 اور لیوئس گریگوری 77 رنز بناکر نمایاں رہے ۔جیمز ونس مین آف دی میچ جبکہ انگلینڈ کے ثاقب محمود کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔

ٹی ٹوینٹی سیریز سے پہلے بابر اعظم کا رنز اگلنا شروع

بابر اعظم نے 158 رنز سکور کیے۔  انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں بابر اعظم کا بلا خوب گھوما۔ قومی کپتان نے رنز کے انبار تو لگائے، ریکارڈز کے ڈھیر بھی لگا دیے۔ وہ بطور کپتان سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔ صرف یہ ہی نہیں۔  بطور کپتان 38 سال بعد انگلش سرزمین پر سنچری کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اس سے قبل 1983 میں عمران خان نے انگلینڈ میں سنچری داغی تھی ۔ بابر اعظم نے اس کے علاوہ کم ترین اننگز میں 14 سنچریاں مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 81 اننگز میں 14 سنچریاں مکمل کیں۔ اس سے قبل 84 اننگز کیساتھ یہ اعزاز جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے پاس تھا۔