ندیم چشتی ، دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ پی ٹی آئی کاسخت سکیورٹی میں کورکمیٹی کا اجلاس،چوہان کوعمران خان کےگارڈز نےگیٹ پرروکےرکھا، باقی ارکان بھی پریشان ہو گئے ۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق بنی گالہ میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں حکمت عملی طے کی گئی ۔ یہ اجلاس انتہائی غیر معمولی رہا۔ حکومت کی طرف سے عمران خان کی سکیورٹی محدود کرنے کے بعد عمران خان نے ذاتی محافظ رکھ لئے جس کے بعد بنی گالہ کی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ۔
اجلاس میں شرکت کے لئے عمران خان بذریعہ ہیلی کاپٹر بنی گالہ ہاؤس میں بنے ہیلی پیڈ پر اترے ۔ جیسے ہی عمران خان ہیلی کاپٹر سے باہر آئے بنی گالہ میں تعینات خصوصی گارڈز نے ان کو حصارمیں لئے رکھا۔ عمران خان نے کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی تاہم ایک اور موقع پر غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی جب اجلاس میں شرکت کے لئے آنے والے فیاض الحسن چوہان کو عمران خان کے گارڈز نے بنی گالہ ہاؤس میں داخل ہونے سے روک دیا۔
فیاض الحسن چوہان عمران خان کے گارڈز سے تکرار کرتے رہے
فیاض الحسن چوہان گارڈز سے کافی دیر تک تکرار کرتے رہے مگر کسی نےا نہیں گھر کے اندر داخل نہ ہونے دیا۔ تقریبا آدھے گھنٹے بعد شہباز گل اندر سے باہر نمودار ہوئے اور فیاض الحسن چوہان کو اندرلے گئے تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فیاض الحسن چوہان کو اجلاس میں شریک کیا گیا یا نہیں۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی گارڈز نے ہاتھوں میں فہرستیں تھام رکھی تھیں صرف فہرست میں شامل رہنما ؤں کو ہی بنی گالہ داخل ہونے دیا جارہا تھا۔ایک موقع پر یاسمین راشدکو بھی روکا گیا ۔ گارڈز نے ان کا نام فہرست میں شامل ہونے کی تسلی کی جس کے بعد اندر جانے کی اجازت ملی ۔