دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ حکومت کا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ ، کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔
دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق حکومت نے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف فیصلے کے بعد جارحانہ رویہ اپنا لیا ہے ۔ اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ پر ریفرنس بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔ کابینہ نے ایک سب کمیٹی قائم کی ہے جو قانونی امور کا جائزہ لے گی اور ریفرنس بنانے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے لائحہ عمل طے کرے گی ۔
وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے سینیئر جج قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس میں نظرثانی کی درخواست (کیوریٹو ریویو) واپس لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جھوٹا ریفرنس بنانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے کابینہ کی سب کمیٹی قائم کر دی ہے جو ذمہ داران کے خلاف کارروائی پر رپورٹ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ ایک معزز جج ہیں اور یہ کیوریٹو ریویو انھیں دباؤ میں رکھنے کے لیے دائر کیا گیا تھا۔ شہزاد اکبر جیسےغنڈوں نےجسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے ساتھ زیادتی کی۔