دو آئین نہیں چلیں گے ، پارلیمنٹ کی کمیٹی بنے گی ، ہم فیصلہ کریں گے کتنے ججز بیٹھیں گے،بلاول

وقت اشاعت :27جولائی2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ دو آئین نہیں چلیں گے ، پارلیمنٹ کی کمیٹی بنے گی ، ہم فیصلہ کریں گے کتنے ججز بیٹھیں گے،بلاول نے دو ٹوک اعلان کردیا۔

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام کے مطابق حکومت اور اتحادی جماعتوں نے عدلیہ کے اختیارات پر قانون سازی کا عندیہ دے دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اب پاکستان میں دو آئین بالکل نہیں چلیں گے۔ پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے اور ہم فیصلہ کریں کہ کتنے ججز بیٹھیں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا یہاں دو پاکستان ہیں ۔ پوری قوم اس دہرے معیار کو دیکھ رہی ہے ۔  پہلے نے کہا کہ پارٹی سربراہ کی رضامندی کے بغیر رکن کا ووٹ شمار نہیں کیا جائے گا پھر دوسرے میں کہا گیا کہ رکن کا ووٹ شمار ہوگا۔ اب ایسے نہیں چل سکتا۔ ہماری زمہ داری ہے کہ ہم پارلیمنٹ کے کردار کا دفاع کریں۔

انہوں نےسپریم کورٹ کے ججز کو مخاطب کرتے ہوئے نام لئے بغیر کہا کہ ان کا کام نہیں کہ وہ (عدالت) آئین میں ترمیم لیکر آئیں۔ اس مسئلے کو جب تک ہم حل نہیں کریں گے پاکستان جمہوری ملک نہیں بنے گا۔ جس طرح عدالت نے حکومت کا مطلب کابینہ کہا۔اُسی طرح سپریم کورٹ صرف چیف جسٹس نہیں بلکہ تمام عدالت ہے۔ جس کا کام انصاف پر مبنی فیصلے اور قوانین پر عمل درآمد کروانا ہے۔