اپوزیشن کے عید کے بعد سرپرائز کے جتن

ندیم چشتی ، اسلام آباد

ایک مرتبہ پھر حکومت گرانے کی مہم میں اپوزیشن نے متحد ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس سلسلے  میں بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں مصروف دن گزارا ۔ پہلے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی  جس میں عید کےبعد اپوزیشن کی تشکیل کردہ رہبر کمیٹی  کے حوالے سے  مشاورت ہوئی ۔ 

مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے  حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر اتفاق کیا ۔  اس اہم ملاقات کے بعد بلاول بھٹو  ماڈل ٹاؤن لاہور پہنچے اور شہبازشریف سے ملاقات کی ۔

دونوں رہنماؤں نے  ون پوائنٹ ایجنڈے پر اتفاق کرتے ہوئے  حکومت  کو گھر بھیجنے کی بات کی ۔

ملاقات  کے بعد میڈیا کو بریفنگ کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر اہم موڑ اس وقت آیا جب ایک رپورٹر نے بلاول بھٹو سے سوال کیا  کہ کیا اپوزیشن کوئی تحریک چلانے جارہی ہے ؟

جواب میں بلاول نے کہا شہباز شریف  کورونا سے تندرست ہو گئے ہیں ۔ اب شہباز شریف ہی  اس انقلاب کی  قیادت کریں گے ۔

شہباز شریف نے جواب دیا  میں نے ذمہ داری نوجوانوں  کو  دے دی  ہے ۔ اس موقع پر بعض صحافیوں نےقہقہے بلند کئے ۔

 معاملہ ایک دوسرے  پر ڈالنے  کے بعد سوالات نے جنم لیا ہے ۔ اپوزیشن اگر تحریک چلائے گی تو کون لیڈ کرے گا؟