خیرپور،جرگےکاپسندکی شادی کرنےوالی دوبہنوں کوقتل کرنےکاحکم سامنے آیا ہے ۔ نواحی گاؤں میں خاندان کو چالیس لاکھ جرمانہ بھی ادا کرنے کی سزا دی گئی ہے ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق خیر پور نارا گاؤں میں مبینہ طور پر انسانیت سوز جرگہ منعقد کیا گیا ۔ جس میں مقامی بااثر افراد سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ جرگے نے پانچ ماہ قبل پسند کی شادیاں کرنے والی دو بہنوں کو شوہروں سمیت قتل کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق جرگے نے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ۔
یہ بھی پڑھیئے:بلوچستان میں ایران سےواپس آنےوالے چھےزائرین اغوا
جرگے کی طرف سے خود ساختہ فیصلہ جاری ہونے پر دونوں بہنوں نے خیر پور کے احساس ویلفیئر ڈویلپمنٹ کے نام سے مشہور دفتر میں پناہ لے لی ۔ دونوں بہنوں نے گاؤں کے ہی دو نوجوانوں سے شادیاں کی تھیں ۔ سپر لیڈ نیوز کے نمائندہ خیر پور کے مطابق جرگہ سردار نیاز بمبھروں کی بیٹھک پر منعقد ہوا ہے ۔
پسند کی شادی کرنے والی بہنوں میں سے ایک کی شناخت ممتاز کے نام سے ہوئی ہے ۔ دونوں بہنوں نے مقامی صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ پسند کی شادی کرنے پر دھمکیاں دی گئیں ۔ملزموں نے ہمارے شوہروں کے گھروں کو تباہ کر کے زمین پر بھی قبضہ کر لیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔ دوسری جانب سپر لیڈ نیوز کے رابطہ کرنے پر مقامی تفتیشی افسر نے بتایا کہ شکایت موصول ہوئی ہے۔ تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آئیں گے ۔