وزیراعظم عمران خان کورونا کا شکار، مرض کی ممکنہ شدت پر حفاظتی پلان تیار کرلیا گیا۔ عمران خان میں علامات سخت پائی گئیں تو پمز کے وارڈ میں منتقل کیا جائے گاتاہم ذرائع کے مطابق وزیراعظم میں معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو جمعہ کے روز بخار اور سردرد کی شکایت ہوئی جس کے بعد کھانسی بھی آنے لگی ۔ وزیراعظم نے کورونا ٹیسٹ کرایا جو پازیٹو آیا۔ وزیراعظم کے قریبی وزرا کے مطابق عمران خان نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے ۔ وہ بنی گالہ ہاؤس سے ہی اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے ۔ ضرورت پڑنے پر ویڈیو لنک کے ذریعے اہم اجلاسات کی صدارت کریں گے ۔ اگر مرض میں شدت آئی توپمز شفٹ کیا جائے گا۔ فی الوقت انہیں کھانسی کی معمولی علامات ہیں ۔ وفاقی وزیر اسد عمر کے مطابق وزیراعظم خیریت سے ہیں۔ انہیں ویکسین لگنےسے پہلے انفیکشن ہوگیاتھا ۔ ڈاکٹرشہبازگل نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ وزیراعظم کے ٹیسٹ پازیٹو آنے کو کوروناویکسین کے ساتھ لنک مت کریں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اب 23مارچ کی تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے دو روز پہلے ہی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی تھی۔ ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق اینٹی باڈیز بننے میں چودہ روز لگتےہیں ۔ قیاس آرائیوں سےگریز کیا جائے ۔ کورونا کے باعث وزیراعظم 23مارچ کو یوم پاکستان کی پریڈ میں شرکت نہیں کریں گے ۔