SUPER LEADS

کراچی میں حاملہ خاتون کا قتل، کشف کمال کی لاش جھاڑیوں سے برآمد، اہم انکشافات

بن قاسم میں گولی لگی 27 سالہ کشف کمال کی لاش ملی، اہلخانہ نے سابق شوہر یاسر درانی پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے گرفتاری کا مطالبہ کردیا

کراچی: بن قاسم ٹاؤن میں اسٹیل مل روڈ پر جناح گیٹ کے قریب جھاڑیوں سے ملنے والی گولی لگی نوجوان خاتون کی لاش کی شناخت ہوگئی۔ مقتولہ 27 سالہ کشف کمال نکلی، جو ایک بچی کی ماں اور پانچ سے چھ ماہ کی حاملہ تھی۔

پولیس کے مطابق خاتون کی لاش بدھ کے روز بن قاسم ٹاؤن تھانے کی حدود میں جھاڑیوں سے برآمد ہوئی تھی۔ لاش کی شناخت سی پی ایل سی کے شناختی نظام کے ذریعے کی گئی، جس کے بعد مقتولہ کے اہلخانہ سہراب گوٹھ کے سرد خانے پہنچے اور لاش کی شناخت کی۔

اہلخانہ کے مطابق کشف کمال شاہ فیصل کالونی کے علاقے عظیم پورہ میں ایک پارک کے قریب رہائش پذیر تھی۔ وہ سات بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھی اور اس کی ایک ڈھائی سے پونے تین سال کی بیٹی بھی ہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق کشف نے تقریباً چار سال قبل یاسر درانی نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی، تاہم شادی کے صرف دو ماہ بعد دونوں میں طلاق ہوگئی۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ طلاق کے وقت بھی کشف حاملہ تھی۔

اہلخانہ کے مطابق طلاق کے باوجود یاسر درانی کا کشف سے رابطہ برقرار رہا اور وہ مبینہ طور پر اس سے ملنے کے لیے اکثر گھر آتا جاتا تھا۔ خاندان کا دعویٰ ہے کہ یاسر موٹرسائیکل پر بھی کئی مرتبہ کشف سے ملنے آتا رہا۔

مقتولہ کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ واقعے سے دو روز قبل یاسر درانی گاڑی میں ان کے گھر آیا اور کشف کو اپنے ساتھ لے گیا۔ اس نے اہلخانہ کو بتایا کہ کشف ناراض ہے اور وہ اسے منانے کے لیے ساتھ لے جا رہا ہے۔

اہلخانہ کے مطابق اگلے روز یاسر کی جانب سے فون کرکے بتایا گیا کہ کشف کہیں چلی گئی ہے۔ مزید دریافت کرنے پر اس نے کہا کہ کشف اپنی دوست فاطمہ کے پاس گئی ہے۔ اہلخانہ کے مطابق اسی رات یاسر ان کے گھر آیا اور تقریباً ایک گھنٹہ وہاں موجود رہا، اس دوران وہ مسلسل کشف کے کہیں چلے جانے کی بات کرتا رہا۔

مقتولہ کی بہن نے کشف کے لاپتا ہونے سے متعلق واٹس ایپ پر اطلاع بھی شیئر کی۔ اگلے روز انہیں فون کے ذریعے ایک خاتون کی لاش ملنے کی اطلاع دی گئی اور شناخت کے لیے سرد خانے بلایا گیا، جہاں اہلخانہ نے لاش کی شناخت کشف کمال کے طور پر کی۔

خاندان کا کہنا ہے کہ کشف کی ایک بچی بھی یاسر کے حوالے کی گئی تھی اور اسے بارہا کہا گیا تھا کہ وہ کشف کا پیچھا چھوڑ دے، تاہم اس کے باوجود دونوں کے درمیان رابطہ برقرار رہا۔ اہلخانہ نے یاسر پر الزام عائد کیا ہے کہ اس کے گھر والوں نے بھی کشف کو قبول نہیں کیا اور اسے دھمکیاں دی جاتی رہی تھیں۔

مقتولہ کی والدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کشف کے قتل میں ملوث شخص کو فوری گرفتار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ملزم گرفتار نہیں ہوتا، وہ اپنی بیٹی کا جنازہ نہیں اٹھائیں گی۔

کشف کی بہن نے بھی پولیس سے قاتل کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہن کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔ اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ کشف کو سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا اور بعد ازاں لاش جھاڑیوں میں پھینک دی گئی۔

دوسری جانب بن قاسم ٹاؤن تھانے کے ایس آئی او شہزاد علی کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مقتولہ کی شناخت بھی مکمل ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلخانہ کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں اور پولیس واقعے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

پولیس افسر کے مطابق مقتولہ کے اہلخانہ کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ قتل کے محرکات اور ملزمان سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

Related Articles

Back to top button