دی سپر لیڈ، لاہور ۔ قبل ازوقت سینیٹ الیکشن سےبھی حکومت نہیں بچےگی،مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت بوکھلا گئی ہے ۔ عمران خان کو گھر بھیجنے کے لئے پوری قوم آواز اٹھا رہی ہے ۔
سپر لیڈ نیوز کے مطابق مریم نواز نےجمعرات کےر وز پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کی ۔ انہوں نے کہا اگرحکومت کوپی ڈی ایم جلسوں سے کوئی فرق نہیں پڑتاتوالیکشن ایک مہینہ پہلے کرانے کی کیاضرورت پڑی؟جیسے مرضی ہتھکنڈے استعمال کرلیں، حکومت کو گھر جاناپڑےگا۔ن لیگ سینیٹ الیکشن میں شوآف ہینڈ کیخلاف نہیں مگر انتخابات کے فیصلے الیکشن کمیشن کرتا ہے وزیراعظم نہیں۔آئینی ترمیم کے بغیر کچھ ممکن نہیں ۔مریم نواز نے کہا کہ حکمت عملی کافیصلہ پی ڈی ایم کی میٹنگ میں کیا جائے گا۔
ضمنی الیکشن ہوئے تو اپوزیشن چوڑیاں پہن کر نہیں بیٹھی ہوئی ۔ پارلیمنٹ میں ستر فیصد نمائندگی پی ڈی ایم کی ہے ۔حکومت کی شکست یقینی ہے ۔ لانگ مارچ سے انکی نیندیں اڑچکی ہیں ۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان پالتو جانوروں سے نہیں بلکہ اپنے خوف سےکھیل رہےتھے ۔ فارن فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کرے ۔ مہنگائی میں پسے عوام ہماری طرف دیکھ رہےہیں ۔ اس موقع پر مریم نواز نے لاہور جلسے کی کامیابی پر نواز شریف اور شہباز شریف کی طرف سے پارٹی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور جلسہ کامیاب تھا عالمی میڈیا نے بھی کوریج کی ۔ بدقسمتی سے ایک آدھے نیوز چینل نے حکومتی پراپیگنڈے کا بھرپور ساتھ دیا۔ قوم نے بھی دیکھ لیا یہ لوگ کیسے عوام کو گمراہ کر رہے تھے ۔