غیر متوقع نتائج دینے والی پاکستانی ٹیم کا پھر سرپرائز،بیٹنگ وکٹ پر ٹاس جیت کر باؤلنگ کیوں ؟

وقت اشاعت :19جولائی2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، لندن ۔ غیر متوقع نتائج دینے والی پاکستانی ٹیم کا پھر سرپرائز،بیٹنگ وکٹ پر ٹاس جیت کر باؤلنگ کیوں ؟ٹیم پاکستان کی دوسرے ٹی ٹوینٹی  میں شکست پر سوالات اٹھنے لگے ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام  کے مطابق  انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرا ٹی ٹوینٹی 45رنزسے ہرا دیا ۔ قومی ٹیم201رنز کے جواب میں نو وکٹوں پر 155رنز بنا پائی۔  پاکستانی بلے بازاس میچ میں غیر ذمہ   داری دکھاتے رہے ۔  بابر اعظم، محمد رضوان، محمد حفیظ اور فخرزمان کا بلا نہ چلا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی۔

 انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوینٹی میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے پر جہاں کمنٹیٹر حیران رہ گئے وہیں شائقین کے لئے بھی یہ خبر حیران کن تھی ۔ وکٹ بیٹنگ کے لئے نہایت سازگار تھی ۔ موسم بھی کرکٹ کےلئے حسین تھا۔ ایسے میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو مہنگا ثابت ہوا۔ آسان وکٹ پر  اٹھارہ رنز پر دو وکٹیں گنوانے کےلئے کپتان جوز بٹلر اور معین علی نے ٹیم کو مشکل سے نکالا۔ دونوں نے برق رفتار 67 رنز کی  شراکت قائم کی۔ معین علی 36 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے جانے کے بعد لیونگ سٹون نے بھی کپتان کا خوب ساتھ دیا۔ دونوں نے مل کر سکور  میں 52 رنز کا اضافہ کی۔

جوز بٹلر 59 رنز اور لیونگ سٹون 38 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ انگلش ٹیم نے 20 اوورز میں 200 رنز بنائے۔ جواب میں وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔ اچھے آغاز کے ساتھ ہی پاکستانی بلے باز ایک کے بعد ایک پویلین لوٹتے رہے ۔ کپتان بابر اعظم صرف 22 رنز بنا کر چلتے بنے۔ صہیب مقصود 15 رنز اور محمد رضوان 37 رنز بنا سکے۔ محمد حفیظ اور فخر زمان  نے بھی مایوس کیا۔ شاداب خان نے 36 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 155 رنز بنا سکی۔ انگلینڈ کے ثاقب محمود نے سب سے زیادہ تین شکار کیے۔ آخری مقابلہ بیس جولائی کو کھیلا جائے گا۔