سپین کے جزیرے لاپالما کا آتش فشاں مسلسل لاوا اگلنےلگا، ارضیاتی ماہرین حیران

وقت اشاعت :21اکتوبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، واشنگٹن ڈی سی ۔ سپین کے جزیرے لاپالما کا آتش فشاں مسلسل لاوا اگلنےلگا، ارضیاتی ماہرین حیران  رہ گئے ، کسی کے پاس بھی حتمی جواب نہیں ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام واشنگٹن ڈی سی  کے  مانیٹرنگ سیل کےمطابق سپین کے جزیرے کا لاوا ارضیاتی ماہرین کے لئے بھی درد سر بن گیا ہے ۔ مسلسل لاوے کی ندیاں قریبی  علاقوں میں تباہی مچا رہی ہیں ۔ لاوا بہنا کب ختم ہوگا؟معاملہ ماہرین کی سمجھ سے بھی باہر ہے ۔ جزیرہ لاپالما میں ایک ماہ سے اب تک 2ہزار عمارتیں اور دو ہزار ایکڑ زمین تباہ ہوچکی ہے ۔ یہ لاوا تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ ماہرین نے ابتدائی طور پر یہ دعویٰ کیا ہے کہ لاوے کے بہاؤ میں شدت آتی جارہی ہے ۔ مگر زیر زمین کیا ارضیاتی گڑ بڑ ہو رہی ہے کسی کو نہیں معلوم ۔

علاقے کا درجہ حرارت بھی باقی علاقوں کی نسبت بڑھ رہا ہے ۔ جزیرے میں آتش فشاں سے زیادہ قریب آبادی تو مکمل خالی کروا لی گئی ہے مگر وسیع پیمانے پر لاوا  پھیلنے کی وجہ سے باقی آبادیوں کو بھی براہ راست خطرہ ہے ۔ ادھر جاپان کا آتش فشاں پہاڑ آسو بھی راکھ اگلنے لگا ہے۔حکام نے پہاڑ سےلاوابہنے اور پتھر گرنے کا خدشہ ظاہرکردیا۔شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔