انسانوں کے قصاب کو جیل سے رہائی مل گئی

وقت اشاعت :3جون2021

سپر لیڈ نیوز، واشنگٹن ڈی سی ۔ سیسیلین مافیا کے سربراہ کو جیل سے رہا کردیا گیا۔جویوانی بارسکا نے جیل سے باہر آتے ہی وکٹری کا نشان بنایا جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے سوالات اٹھا دیئے۔

سپر لیڈنیوز کے مطابق اٹلی میں انسانوں کا قصاب کہلائے جانے والے سیسیلین مافیا کے سربراہ جویوانی بارسکا کو 25 سال بعد جیل سے آزادی مل گئی ۔

مغربی میڈیا کے مطابق جویوانی بارسکا نے سو سے زائد افراد کے قتل کا اعتراف کر رکھا تھا۔ اس نے کئی خواتین کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیا جبکہ بچے کی لاش کو تیزاب سے جلا ڈالا۔ اطالوی پولیس نے اس کے گرد گھیرا تنگ کیا اور آخر کار اسے حراست میں لیا تو اہم انکشافات سامنے آئے ۔ اس  نے اپنے گینگ کےکئی افراد کو پکڑوا نے میں پولیس کی مدد کی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 64 سالہ بارسکا نے 1992 میں اٹلی کی مافیا کے خلاف تفتیش کرنے والے اہم جج کی گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا تھا۔ اس دھماکے میں جج کی اہلیہ ، بچے اور دو محافظ ہلاک ہو گئے تھے ۔

سیسیلین مافیا کے سربراہ نے جج کے قتل کے 2 ماہ بعد ان کے ایک اور ساتھی کو بھی ابدی نیند سلا دیا۔ اٹلی کی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جرائم کے ڈان نے اپنی ہی گرل فرینڈ کو جاسوسی کے شبے میں اذیت دے کر مار ڈالا تھا۔ رپورٹ کے مطابق بارسکا نے اسے ایک کوٹھری میں بند کر رکھا تھا۔ بارسکا کو قوانین کے مطابق  4 سال کے لیے پیرول پر رہائی ملی ہے تاہم اسے پولیس سے تعاون کرنا ہوگی اور پولیس کی نگرانی میں رہنا ہوگا۔انسانوں کے قصاب کی رہائی پر یورپ بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں  نے خدشات کا اظہار کیا ہے ۔