ٹوکیو اولمپکس کے لئےپاکستانی دستے میں ماحور شہزادمرکزنگاہ کیوں ہیں ؟

وقت اشاعت :24جولائی2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، ٹوکیو۔ ٹوکیو اولمپکس کے لئےپاکستانی دستے میں ماحور شہزادمرکزنگاہ کیوں ہیں ؟ اس پاکستانی دستے کے ایک آدھے  اتھلیٹ کے سوا زیادہ تر پاکستانی اپنے کھلاڑیوں کو نہیں جانتے ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق کورونا کے سائے میں ٹوکیو اولمپکس کا آغاز ہو چکا ہے ۔ افتتاحی تقریب   دنیا بھر میں صرف ٹی وی پر دیکھی گئی ۔ سٹیڈیم میں شائقین کی انٹری بند رہی ۔ سخت ایس او پیز کے تحت اس مرتبہ اولمپکس کا روایتی جوش و خروش نظر نہیں آرہا۔ ٹوکیو جانے والے پاکستانی دستے میں دس کھلاڑی اور بارہ آفیشلز شامل ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین صرف ماحور شہزاد ، نجمہ پروین ، بسمہ خان  کا نام لے رہے ہیں ۔ ان میں سے بھی زیادہ تک ماحور شہزاد کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ پاکستان شوٹنگ، ویٹ لفٹنگ ، جوڈو، جیولن تھرو میں بھی حصہ لے رہا ہے ۔ پاکستانیوں  کے ٹویٹر اکاؤنٹس اور فیس بک وال سے کئے گئےسروے کے مطابق ارشد ندیم ، شاہ حسین شاہ ، طلحہ طالب، محمد حسیب طارق، گلفام جوزف، غلام مصطفیٰ اور خلیل اختر کو زیادہ ترپاکستانی نہیں جانتے ۔

اولمپکس میں بسمہ خان تیراکی میں پچاس میٹر کی فری سٹائل ریس میں حصہ لیں گی ۔ فوٹو کریڈٹ:سٹائل تھری سکسٹی میگ

دوسری جانب تینوں خواتین مقبول ہیں ۔ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ تینوں  ماڈلنگ کے میدان میں بھی ہلکا پھلکا قدم رکھ چکی ہیں ۔ تینوں ہی ایڈورٹائزنگ ایجنسی  کے توسط سے اشتہارات میں کام کر چکی ہیں ۔ اس سب کھلاڑیوں میں مقبولیت کے لحاظ سے ماحور شہزاد سر فہرست ہیں جن کو پاکستانی میڈیا نے خوب توجہ دی ہے ۔

ماحور شہزاد کی وجہ شہرت کیا ہے ؟


ماحور شہزاد
 بیڈمنٹن کے متعدد عالمی   مقابلوں  میں ملک کی  نمائندگی کر چکی ہیں۔ 2017 اور 2019 میں ہونے والا پاکستان انٹرنیشنل ایونٹ ان کے نام رہا تھا۔ 2020 میں وہ کینیا گئیں جہاں بیڈ منٹن انٹرنیشنل  ڈبلز ایونٹ میں وہ پلوشہ بشیر کے ساتھ رنر اپ رہیں ۔ بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن کی جولائی  2019  کی رینکنگ میں  وہ ٹاپ 150کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل  رہ چکی ہیں۔

ماحور شہزاد چار سال تک پاکستان کی نمبر ایک کھلاڑی رہیں ۔ فوٹو کریڈٹ :ماحور شہزاد انسٹاگرام

ماحُور 2019 سے قبل چار برس تک پاکستان کی نمبر ایک کھلاڑی ہیں۔ پاکستان انٹرنیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2017 کے سنگلز میں سونے اور ڈبلز مقابلوں میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کر چکی ہیں ۔ جنوری 2017 میں نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن  شپ کے سنگلز مقابلوں کی فاتح رہیں۔ ماحور شہزاد جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشیائی  گیمز 2014 میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکی ہیں۔ اس طرح عالمی درجہ بندی میں تو ماحور شہزاد بہت پیچھے ہیں مگر پاکستان کی نمبرون کھلاڑی ہونے کی وجہ سے انہیں عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔