ویڈیو بنا رکھی ہے ، ہراساں کرتے رہے تو جو معلوم ہے سب قوم کو بتا دوں گا، عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ کو پیغام

وقت اشاعت :6جولائی2022

دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ ویڈیو بنا رکھی ہے ، ہراساں کرتے رہے تو جو معلوم ہے سب قوم کو بتا دوں گا، عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ کو پیغام ، پریس کانفرنس میں پھر سازش کا بیانیہ اپنا لیا۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے  مطابق عمران خان نےکہا ہےکہ ساری سازش اور اس کے ایک ایک کردار کا اچھی طرح معلوم ہے ۔ ایک ویڈیو بھی بنائی ہوئی ہے،کچھ ہوا تو وہ سامنے آئے گی۔

اسلام آباد میں نیوزکانفرنس کرتے عمران خان نے کہا کوئی ایک بات ہوجائے تو نامعلوم نمبر سے کال آجاتی ہے۔عدلیہ سے پوچھتا ہوں کیا مارشل لا لگ گیا ہے ؟ ادب سے عدلیہ سے سوال کر رہا ہوں کہ کیا ملک میں انسانی حقوق معطل ہوگئے ہیں؟ ہم پردہشت گردی کےکیس بنائے ہوئے ہیں تاکہ ہم ڈر کر  بیٹھ جائیں مگر ایسا نہیں ہوگا۔ مجھے سب پتا ہےکہ کس نےکیاکام کیا۔ میں چپ ہوں اپنی قوم کے لیے مگر زیادہ ہراساں کیا گیا تو سب سامنے لے آؤں گا۔ چاہتا ہوں ملک کو نقصان نہ پہنچے اس لیے کوئی بات کرنے سے گریز کرتا ہوں ۔ کس طرح میری حکومت کے خلاف سازش کی گئی اچھی طرح معلوم ہے ۔ اس میں کون کون ملوث تھا یہ بھی معلوم ہے ۔ ویڈیو بنا کر محفوظ جگہ رکھی ہوئی ہے ۔ یہ ویڈیو سامنے آگئی تو پوری قوم کو ہر کردار کا اچھی طرح معلوم ہو جائے گا۔

ملک سے جو اتنی بڑی غداری کی گئی وہ کس کس نےکی، اگر اسی طرح ہمیں دیوار سے لگایا گیا اور ہراساں کیا گیا تو پھر مجبور ہوکربولوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سازش کا مقصد این آر او ٹو لینا تھا۔