فواد چودھری کیسے جانتے ہیں کہ شہباز شریف کو 25سال کی قید ہوسکتی ہے ؟

وقت اشاعت :29ستمبر2021

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام ، اسلام آباد۔ فواد چودھری کیسے جانتے ہیں کہ شہباز شریف کو 25سال کی قید ہوسکتی ہے ؟اس دعوے کے بعد سیاسی بحث بڑھ گئی ہے ۔

دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق فواد چودھری نے کہا  ہے کہ شہباز شریف اگلے چھ مہینوں میں 25 سال کے لیے جیل جاسکتے ہیں۔  پاکستان کے وزیر اطلاعات نے کس کیس پر یہ دعویٰ کیا ؟ وہ کیسے جانتے ہیں کہ عدالت لازمی طور پر سزا سنائے گی ؟ انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی ۔ منگل کو پریس کانفرنس  میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام شریف خاندان سے لوٹی ہوئی دولت کی ریکوری چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کے ساتھ انتخابی اصلاحات پر بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلائیں گے اور اپوزیشن سے بات چیت بھی ہوگی۔ اس سے پہلے شہزاد اکبر اور شہباز گل نے بھی پریس کانفرنس کی اور کہا کہ شہباز خاندان کا اظہا رتشکر بلاجواز ہے ۔ لندن میں کوئی کیس نہیں دائر تھا۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ ن لیگ اس معاملے پر عوام کو گمراہ کر رہی ہے ۔ ہم نے برطانوی حکومت سے رابطہ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب کیس ہی نہیں تھا تو بریت کیسی ؟

دوسری جانب فواد چودھری کے دعوے کے بعد پاکستانی میڈیا چینلز نے اپنے پرائم ٹائم پروگرام  تبصرے کئے ۔ بعض چینلز کے اینکرز اور مہمانوں نے فواد چودھری کے دعوے کو مضحکہ خیز اور قبل از وقت قرار دیا۔ اسی طرح بعض تجزیہ کاروں نے فواد چودھری کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیااور اسے عدالتی فیصلوں پر اثر انداز ہونے سے تعبیر کیا۔