SUPER EXCLUSIVESUPER LEADS

کینیڈین وزیر احمد حسین کی تحریک پر جسٹن ٹروڈو  کا اسلاموفوبیا کے خلاف بڑا  فیصلہ، مگر تحریک انصاف کیوں کریڈٹ لے رہی ہے ؟

وقت اشاعت :31جنوری2022

ڈاکٹر شاہد اقبال، دی سپر لیڈ ڈاٹ کام، ٹورنٹو۔ کینیڈین وزیر احمد حسین کی تحریک پر جسٹن ٹروڈو  کا اسلاموفوبیا کے خلاف بڑا  فیصلہ، مگر تحریک انصاف کیوں کریڈٹ لے رہی ہے ؟دلچسپ حقائق سامنے آ گئے ۔

 دی سپر لیڈ ڈاٹ کام کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم نے مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیزی کے سدباب کے لئے ایک نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔ کینیڈین وزیراعظم نے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ ان کے ملک میں اسلاموفوبیا کی کوئی گنجائش نہیں۔ کینیڈا میں ہر رنگ ، نسل مذہب کے افراد کو برابری کے حقوق حاصل ہیں ۔ حالیہ اعلان کینیڈا کی ریاستی پالیسی کا حصہ ہے جس کی رو سے  نسلی امتیاز کے خلاف قانون سازی سمیت اہم اقدامات کی کوششیں جاری ہیں ۔ تازہ ترین پیش رفت یہ ہے کہ کینیڈا کے وزیر ہاؤسنگ احمد حسین کی کاوشوں سے مسلمانوں کے خلاف تعصب روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

احمد حسین لبرل پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ ان کا تعلق صومالیہ سے ہے ۔ وہ پہلے افریقی نژاد مسلمان شہری  ہیں جو اہم وزارت سنبھالے ہوئے ہیں ۔ اس سے پہلے احمد حسین امیگریشن کے امور کے وزیر رہ چکے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد حسین نسلی امتیاز کے خلاف قانون سازی اور اقدامات پر دو سال سے کام کر رہے تھے ۔ وہ اس حوالے سے جسٹن ٹروڈو سے کئی ملاقاتیں بھی کرچکے ہیں ۔  کینیڈا میں مسلم کمیونٹی نے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے اعلان کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے اسے وفاقی وزیر احمد حسن کی کوششوں کی جیت قرار دیا ہے ۔

احمد حسین ، کینیڈین وزیر

دوسری جانب یہ بھی یاد رہے کہ یہ اعلان کیوبک کی جامع مسجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی برسی کے موقع پر کیا گیا ہے ۔ جسٹن ٹروڈو جانتے ہیں کہ کینیڈا کی  ترقی میں نسلی امتیاز اور اسلاموفوبیا کو حائل نہیں ہونا چاہیے  اسی میں ان کی سیاسی بقا بھی ہے ۔ واضح رہے کہ جسٹن ٹروڈو  ملک میں ہر قومیت اور مذہب کے افراد کی برابری کی بنیاد پر نمائندگی چاہتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ کبھی سکھ کمیونٹی کے مذہبی تہواروں میں شامل ہوتے ہیں تو کبھی ہندو کمیونٹی کے ساتھ  تقریبات کا حصہ بنتے دکھائی دیتے ہیں ۔ یہی نہیں وہ کینیڈا کی مسلم تنظیموں سے بھی رابطے میں رہتے ہیں ۔ جسٹن ٹروڈو احمدی کمیونٹی کی مساجد کا بھی دورہ کر چکے ہیں جنہیں پاکستان کے قانون کے مطابق مسجد شمار نہیں کیا جاتا۔

وزیراعظم عمران خان اور ان کے وزیر کیوں کریڈٹ لے رہے ہیں ؟

اتوار کے روز وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں جسٹن ٹروڈو کے اعلان کو سراہا اور انہیں  اپنے موقف کی بھی جیت قرار دیا۔ انہوں نے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو مخاطب کرتے ہوئے مل کر اس حوالے سے کام کرنے کی بھی پیشکش کی ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس ٹویٹ کے بعد تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں اور وزرا نے بھی ٹویٹس کیں اور کینیڈین وزیراعظم کے اس بیان کو اپنے موقف کی جیت قرار دیا۔

دوسری جانب دلچسپ حقائق یہ بھی ہیں کہ کینیڈا میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی حکومت آنے سے پہلے اقدامات جاری ہیں ۔ دونوں ممالک کے وزرائے اعظموں کی کبھی باضابطہ ملاقات ہوئی نہ ہی  سرکاری سطح پر باضابطہ ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ۔ صرف چار مئی 2020 کو کورونا کی وبا پر تبادلہ خیال کے لئے رسمی ٹیلی فونک رابطہ ہوا  جس کے بعد دوبارہ کبھی رابطہ نہیں ہو سکا۔  

Related Articles

Back to top button