دی سپرلیڈ ڈاٹ کام ، تہران : ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی افواج کے ایک فضائی اڈے کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے، جہاں سے ایران کے صوبہ ہرمزگان میں واقع جزیرہ سِرک کے ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر کارروائی کی گئی تھی۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے امریکی فوجی تنصیب پر کامیاب حملہ کیا، جو ایرانی مواصلاتی انفراسٹرکچر کے خلاف آپریشن کا مرکز تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی کارروائی کی اطلاع ملنے کے چند گھنٹوں کے اندر جوابی حملہ کیا گیا اور پہلے سے طے شدہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب واقع ایرانی علاقوں گوروک اور قشم جزیرے میں مخصوص اہداف پر حملے کیے ہیں۔
سینٹکام کے مطابق یہ کارروائی ایران کی جانب سے ایک امریکی ڈرون مار گرائے جانے کے ردعمل میں کی گئی۔
فریقین کے متضاد دعووں کے باعث صورتحال کی آزاد ذرائع سے تصدیق تاحال نہیں ہو سکی، تاہم خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔




