رونالڈونےگولزکی سنچری داغ دی

رونالڈونےگولزکی سنچری داغ دی ۔ شہرہ آفاق فٹبالر عالمی مقابلوں میں سو گولز کرنے والے پہلے یورپی کھلاڑی بن گئے ہیں ۔

یوئیفا نیشنز لیگ میں پرتگال نے سویڈن کو دھول چٹا دی ۔ پرتگال نے دو گول کئے جو رونالڈو کے نام سے درج ہوئے ۔اور یوں رونالڈو نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا ۔

یوئیفا نیشنز لیگ کے میچ میں پرتگال اور سویڈن میں جوڑ پڑا۔ سپر سٹار رونالڈو کی ٹیم پرتگال نے سویڈن کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔

میچ کے پینتالیس ویں منٹ میں رونالڈو نے فری کِک پر بہترین گول کر کے انٹرنیشنل کیرئیر میں سو گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ میچ کے بہتر ویں منٹ میں دوسراگول بھی رونالڈو نے ہی کیا۔

یہ بھی پڑھیئے:سعودی خاتون نے مردوں کو ہرا کرکار ریس جیت لی

اس طرح رونالڈو نے گولز کی سنچری داغ دی ۔ ان کے حریف سمجھے جانے والے لیونل میسی انٹرنیشنل مقابلوں میں صرف ستر گول کر سکے ہیں۔

عالمی مقابلوں میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز ایک سو نو گولز کیساتھ ایران کے سابق کھلاڑی علی دائی کے پاس ہے۔ دوسری جانب رونالڈو کی شاندار پرفارمنس پر مداح خوشی سے نہال ہوگئے ۔ سوشل میڈیا پر تبصروں کی بھرمار کر دی۔

رونالڈو نے میچ کے بعد اپنے مداحوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرستاروں کی وجہ سے ہی وہ بہتر پرفارمنس دیتے ہیں ۔ آئندہ بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے ۔ رونالڈو نے اس موقع پراپنی جیت کو ٹیم ورک کا نتیجہ بھی قرار دیا۔